یمن پرفضائی حملوں کے دوران بچوں کو موت کے منھ میں جانے سے کیسے بچاتے ہیں: اقوام متحدہ نے سعودی عرب سے پوچھا

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون نے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ چونکہ اس نے کہا ہے کہ وہ فوجی کارروائی بہت احتیاط سے کررہا ہے لہٰذا وہ یو این او کو بتائے کہ وہ یمن میں حملے کرتے وقت بچوں کو حملہ کی زد میں آنے سے بچانےکے لئے کیا اقدام کررہا ہے۔ بان کیمون نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے نیویارک میں مل کر عالمی ادارے کی بچوں کی ہلاکت کے بارے میں رپورٹ پر مزید تبادلہ خیال کیا ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے یمن پر حملوں کے خلاف بچوں کی ہلاکتوں کی وجہ سے مختصر عرصہ کے لئے سعودی قیادت والے فوجی اتحادی کو بلیک لسٹ کردیا تھا۔
بان کیمون کے ترجمان اسٹیفن دوچارک نے ملاقات کے بعد بتایا ” سکریٹری جنرل نے اس بات کا خیر مقدم کیا ہے کہ اتحاد بچوں کے خلاف ہونے والے حملوں کو روکنے اور ان کے خاتمہ کے لازمی ٹھوس اقدامات کرنے کے لئے تیار ہے۔ بان نے جبیر سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ 2 اگست کویو این او کی اس رپورٹ پر، جس میں کہا گیا ہے کہ اتحاد جس نے ایران نواز حوثی باغیوں کو شکست دینے کے غرض سے مارچ 2015 میں یمن پر فضائی حملے شروع کئے تھے، پچھلے سال لڑائی میں 60 فیصد بچوں کی ہلاکت اور انہیں زخمی کرنے کی قصوروار ہے اس دوران 510 ہلاک اور 667 زخمی ہوئے تھے،سلامتی کونسل کی میٹنگ میں تبادلہ خیال سے قبل اتحاد یہ بتاسکے گا کہ انہوں نے کیا ٹھوس اقدام کئے ہیں۔ بان کیمون نے پچھلے ماہ رپورٹ پر سعودی عرب کے نائب ولی عہد پرنس محمد بن سلمان سے بھی بات کی تھی۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی باتیں درست معلومات پر مبنی نہیں ہیں۔ اجبیر نے بان سے ملنے کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا ”جہاں جہاں غلطی ہوئی ہے ہم اعتراف کرتے ہیں اور اس کی نشاندہی کرتے ہیں مگر عام طور سے ہم کارروائی بہت احتیاط سے کرتے ہیں تاکہ عام شہریوں خصوصا بچوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔“ جبیر نے کہا ”ہم بین الاقوامی قوانین کے پابند ہیں اور تمام کارروائیوں کے دوران ان پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔ سعودی قیادت والے اتحاد میں متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، مصر، اردن، مراکش، سینیگال اور سوڈان شامل ہیں۔ اقوام متحدہ نے جنوری میں کہا کہ لگتا ہے کہ اتحاد نے یمن میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا تھا اور بعض حملے ایسے ہیں جنہیں انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی قیادت والے فوجی اتحاد کو بلیک لسٹ کردیا گیا تھا مگر بعد میں اتحاد کو اس لسٹ سے نکال دیا کیونکہ سعودی عرب عالمی ادارے کو بہت زیادہ چند دیتا ہے اور اس نے اس میں کٹوتی کی دھمکی دی تھی۔ سعودی عرب اس بات کی تردید کرتا ہے کہ اس نے دھمکیاں دی ہیں مگر بان کیمون نے ”ناقابل قبول“ دباؤ ڈالنے کے لئے ریاض حکومت کو لتاڑا تھا۔(رائٹر)

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Un asks saudi to show how coalition prevents yemen child deaths in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply