ترکی میں کار بم دھماکہ،28ہلاک 61زخمی

انقرہ: ترکی کے دارالخلافہ انقرہ میں ایک کار بم دھماکہ میں کم از کم 28افراد ہلاک اور61دیگر زخمی ہو گئے۔شہر کے گورنر محمد کلغی دار کے حوالے سے سی این این ترک اور این ٹی وی چینل نے بتایا کہ بدھ کے روز ہونے والا یہ کار بم دھماکہ فوجی گاڑیوں کے کارواں کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا۔ اے ایف پی کے ایک نامہ نگار نے کہا کہ پورے علاقہ میں دوئیں کے بادل پھیل گئے اور طاقتور دھماکہ کی آواز پورے شہر میں سنائی دی جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھر کی بالکنی میں آگئے۔ این ٹی وی ٹیلی ویژن کے مطابق یہ کار دھماکہ اعلیٰ فوجی افسران کے رہائشی بلاک میں ہوا۔ حکمراں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی(اے کے پی) کے ترجمان عمر صلیق نے کہا کہ وہ پارٹی کی جانب سے اس حملہ کی شدت سے مذمت کرتے ہیں۔فوری طور پر ایسا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے جس سے معلوم ہو سکے کہ یہ دھماکہ کس نے کیا یا کرایا۔ لیکن گذشتہ سال کے وسط سے دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) ملک میں تسلسل سے بم دھماکے کراتا رہا ہے اس لیے شک کی سوئی ادھر ہی جاتی ہے۔10اکتوبر کو انقرہ میں ایک امن کارواں میں گھس کر دو خود کش بمباروں کے دھماکوں کے بعد سے ہی، جس میں 103افراد ہلاک ہوئے تھے، انقرہ میں الرٹ ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Turkey car bomb blast kill 28 in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply