جی -20 اجلاس میں ہوگی ٹرمپ اور پوتن کی پہلی ملاقات

واشنگٹن (رائٹر): دنیا کے دو اہم سربراہان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن اگلے ہفتے جرمنی میں جی -20 اجلاس کے دوران پہلی بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔ کریملن اور وہائٹ ہاؤس دونوں نے ہی آج اس سلسلے میں اعلان کیا کہ مسٹر ٹرمپ اور مسٹر پوتن جرمنی کے ساحلی شہر ہمبرگ میں سات اور آٹھ جولائی کو منعقد ہونے والے جی -20 ممالک کے سربراہی اجلاس کے دوران علاحدہ طورپر ملاقات کریں گے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ میٹنگ کے لئے ابھی تک کوئی ایجنڈا تیار نہیں کیا گیا ہے۔ یہ میٹنگ مسٹر ٹرمپ کومشکلات میں ڈال سکتی ہے۔
الزام ہے کہ روس نے گزشتہ سال امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کی تھی اور ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مہم میں مدد کرکے مسٹر ٹرمپ کی غیر متوقع جیت میں مدد کی تھی۔ روس اور امریکہ یوکرین، ناٹو کی توسیع اور شام میں خانہ جنگی کے مسائل پر بھی آمنے سامنے ہیں۔ روس جہاں شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت کرتا ہے وہیں امریکہ اسد رجیم کو ہٹانے کے لئے برسرپیکار باغی گروپوں کا تعاون کررہا ہے۔ گزشتہ اپریل میں ایک شامی ہوائی اڈے پر روس کے حملے سے بھی امریکہ ناراض ہے کیونکہ اس کے مطابق یہ ایک کیمیائی حملہ تھا جس میں درجنوں شہری مارے گئے تھے۔مسٹر ٹرمپ اکثر روس کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں سمجھے جاتے ہیں لیکن ان کے اپنے ریپبلکن ممبران پارلیمنٹ نے روس سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔میک ماسٹر نے کہاکہ “جیسا کہ صدر نے واضح کیا ہے کہ وہ امریکہ اور پورے مغرب کا روس کے ساتھ زیادہ مؤثر تعلقات بنانا چاہتے ہیں۔
لیکن انہوں نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ ہم روس کے غیر مستحکم کرنے کے رویے کا سامنا کرنے کے لئے جو بھی ضروری ہوگا وہ کریں گے”۔امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس کی امیدوار ہلیری کلنٹن کے خلاف امریکی صدارتی انتخابات میں مسٹر ٹرمپ کو جیت دلانے کے لئے روس نے ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاسی گروپوں کے ای میل کو ہیک کرکے لیک کیا تھا۔ تاہم، روس نے ان الزامات سے انکار کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی کمیٹی اور وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) صدارتی انتخابات میں روس کے کردار اور مسٹر ٹرمپ کی انتخابی مہم میں اس کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Trump to meet with putin at g 20 gathering next week in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News
Tags: , , ,

Leave a Reply