روس کو اپنی حرکتوں کا جواب دینا پڑے گا:امریکی وزیر خارجہ نامزد

روس کو اپنی حرکتوں کا جواب دینا پڑے گا:امریکی وزیر خارجہ نامزد
واشنگٹن: امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر خارجہ کے لیے نامزد ریکس ٹلرسن نے آج کہا کہ روس کو اس کے اعمال کے لئے جواب دینا ہوگا۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سامنے اپنی نامزدگی کی تصدیق سے متعلق سماعت کے لئے پیش ہوئے ٹلرسن نے کہاکہ ہمیں روس کے ساتھ، جو آج ایک خطرہ بنا ہوا ہے، اپنے تعلقات کے حوالے سے آنکھیں کھلی رکھنی چاہئے۔
روس پر الزام ہے کہ گزشتہ سال امریکی صدارتی انتخابات کے دوران اس نے ہیکنگ کے ذریعے انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس بات کا اعتراف کل خود مسٹر ٹرمپ نے بھی ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ ٹلرسن نے روس کے ساتھ تعلقات کے سلسلے میں کہا، ”جہاں، مشترکہ مفادات کی بنیاد پر، جیسے کہ دہشت گردی کے عالمی خطرے کو کم کرنا ، روس کے ساتھ تعاون ممکن ہے ۔ لیکن جہاں بڑے اختلافات ہیں وہاں ہمیں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کی حفاظت میں مضبوط رہنا چاہئے۔“