دہشت گرد خدا کی نہیں موت کی عبادت کرتے ہیں:ڈونالڈ ٹرمپ

ریاض:امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دہشت گرد خدا کی عبادت نہیں کرتے بلکہ وہ موت کی پوجا کرتے ہیں۔صدر نے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتے ہوئے مملکت کے دارالسلطنت ریاض میں اپنے30منٹ کے خطاب میں کہا کہ عالمی دہشت گردی کا اصل ذمہ دار ایران ہے اور وہ دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ ایران کو تنہا ڈال دیں ۔انہوں نے عرب و دیگر اسلامی ممالک سے بھی اپیل کی کہ دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) اور شیعہ حز ب اللہ سمیت تمام دہشت گرد گروپوں کی مالی اعانت کرنے والے راستوں کو مسدود کر دیں۔
گزشتہ روز سعودی عرب میں ہونے والی امریکا عرب اسلامی کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر سے قبل کانفرنس کا افتتاح تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ٹرمپ نے دو ٹوک لہجہ میں کہا کہ مذہب کے نام پرتشدد کے خلاف سب مسلمان ملک متحد ہو جائیں۔ انتہا پسندی کے خلاف جنگ اصل میں اچھائی اور برائی کے مابین جنگ ہے۔انہوں نے ایران کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہدنیا بھر میں فرقہ وارانہ فسادات اور دہشت گردی کی حمایت میں تہران پیش پیش ہی نہیں بلکہ انہیں ہوا دے رہا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران دہشت گردوں کو تربیت دے رہا ہے اور خطے میں بد امنی و دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے عرب اور مسلمان ممالک کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران دہشت گردی کے خاتمے میں تعاون نہ کرے تو تمام ممالک اسے تنہا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا خطرات سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہے اور ہمارے اس دورے کا مقصد دہشت گردی کے خلاف اتحاد قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا: دہشت گردی سے عرب اور مسلم دنیا سب سے زیادہ متاثر ہے اور سعودی عرب نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ امن ، محبت اور امید کا پیغام لائے ہیں۔

انہوں نے خلیجی ممالک کے ساتھ انتہا پسندی کے خاتمے میں مدد کی خاطر معاہدے کرنے کا اعلان بھی کیا۔امریکی صدر نے سعودی بادشاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج آپ کے والد کی روح خوش ہوگی۔ سعودی عرب کی طرف سے میزبانی میرے لیے باعث فخر ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب سے سیدھے اسرائیل جائیں گے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ فلسطین بھی جائیں گے۔ امریکی صدر ویٹی کن سٹی ، برسلز اور اٹلی کا دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ نیٹو جی سیون ممالک کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Terrorists do not worship god they worship deathdonald trump in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply