کابل: افغانستان میں طالبان کے مختلف صوبوں میں کیے جانے والے حملوں میں 23 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق موسم سرما میں حملوں کی تعداد کم ہوتی ہے تاہم ماضی کے مقابلے میں رواں سال حملے بڑھے ہیں۔طالبان نے ملک کے شمالی صوبوں میں قائم افغان اہلکاروں کی 3 چیک پوسٹوں پر حملے کیے۔

بلخ کے پولیس چیف اجمل کے مطابق عسکریت پسندوں نے ایک چوکی پر حملہ کیا اور کم از کم 7 افغان اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پوسٹ پر صوبہ جوزجان سے ملانے والی شاہراہ پر چیک پوسٹ سے نئی کمک بھیج دی گئی۔

طالبان کے ایک ترجمان نے دعوی کیا کہ حملے میں 11 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوئے لیکن صوبائی کونسل کے رکن افضل حدید نے ہلاکتوں کی تعداد 9 بتائی جبکہ 4 افراد لاپتہ ہیں۔انہوں نے کہا ‘کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے کہ آیا لاپتہ 4 پولیس اہلکاروں نے حملے میں طالبان کی مدد کی تھی یا انہیں پکڑ لیا گیا’۔

عہدیداروں نے بتایا کہ طالبان کے الگ الگ حملوں میں شمال مشرقی قندوز میں افغان سیکیورٹی فورسز کے کم از کم 9 اور پڑوسی صوبے تخار میں 7 اہلکار ہلاک ہوئے۔تخار کے صوبائی ترجمان کا کہنا تھا کہ تاجکستان کی سرحد سے متصل درقاد میں سیکیورٹی چوکی پر حملے میں کم از کم 11 عسکریت پسند مارے گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *