نئی دہلی: تائیوان میں فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے اہم ترین فوجی کمانڈر سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق حادثے میں تائیوان کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل شین یی منگ ہلاک ہو گئے جو چین کے خلاف تائیوان کے دفاعی معاملات کی سربراہی کر رہے تھے۔

یہ ہیلی کاپٹر نئے سال کی سرگرمیوں کے سلسلے میں تائی پے سے شمال مشرقی شہر ایلان کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔معجزاتی طور پہاڑوں میں تباہ ہونے والے اس ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 5افراد زندہ بچنے میں کامیاب ہو گئے۔

تائیوان کی وزارت دفاع کے مطابق یو ایچ 60ایم بلیک ہاک ہیلی کاپٹر نے تائی پے کے سونگ شین فضائی اڈے سے 7 بجکر 50منٹ پر پرواز کی جس میں 13افراد سوار تھے تاہم پرواز کے 10منٹ بعد ہی وہ ریڈار سے غائب ہو گیا اور جنگلات سے بھرے پہاڑی علاقوں میں گر گیا۔

63سالہ جنرل شین یی منگ تائیوان کی ایئر فورس کی ذمے داریاں انجام دے رہے تھے اور رواں سال جولائی میں انہوں نے چیف آف جنرل اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا۔حادثے کی وجوہات آنے میں تو ممکنہ طور پر کئی ماہ لگ سکتے ہیں لیکن تائیوان کی ایئرفورس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے دونوں پائلٹ بھی انتہائی تجربہ کار تھے۔

تائیوان کی تمکانگ یونیورسٹی میں اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے پروفیسر الیگزینڈر ہوانگ نے کہا کہ لوگ یقیناً مرمتی یا مکینیکل کاموں کی جانب انگلیاں اٹھائیں گے لیکن ثبوت کے بغیر کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔

تائیوان کی فوج کئی دہائیوں سے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کا استعمال کر رہی ہے اور 2010 میں امریکا سے 3.1ارب ڈالر مالیت کے مزید 60یا ایچ ایم ہیلی کاپٹر خریدے تھے جبکہ حادثہ کا شکار ہونے والا طیارہ بھی 2018 میں ہی امریکا کی جانب سے فراہم کیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *