شامی مہاجر نے جرمنی میں خنجر گھونپ کر ایک خاتون کو قتل اور دو کو زخمی کر دیا

برلن: (رائٹر)روئٹلنگن میں اتوار کی شام ملک شام کے ایک پناہ گزیں نے ایک خاتون کو، جو حمل سے تھی، چھرامار کر ہلاک اور دو کو زخمی کردیا۔اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یہ علاقہ جرمنی کے تیسرے بڑے صوبے باڈن ورٹمبرگ میں واقع ہے۔ حملہ آور کے بارے میں جو تفصیلات موصول ہوئی ہیں، ان کے مطابق وہ ایک اکیس سالہ شامی باشندہ تھا، جس نے جرمنی میں پناہ کی درخواست دے رکھی تھی۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس حملے کے محرکات کیا تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس شامی مہاجر کا ہلاک ہونے والی خاتون کے ساتھ غالباً کوئی جھگڑا ہوا تھا۔ اس سے پہلے کہ یہ نوجوان کسی اور شخص کو نقصان پہنچاتا، ایک کار ڈرائیور نے اسے ٹکر مار دی، جس کے فوراً بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس پر قابو پا لیا۔ پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ کارروائی اس شخص نے تن تنہا ہی کی تھی۔ حکام کے مطابق علاقے میں رہنے والے افراد کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ایسے شواہد نہیں ملے ہیں کہ اتوار کے روز کیا جانے والا یہ حملہ دہشت گردانہ کارروائی تھی۔ مزید کہا گیا ہے کہ مار پیٹ کرنے کی وجہ سے مذکورہ شامی مہاجر کا نام پولیس کے پاس پہلے ہی سے موجود تھا۔ یہ ایک ہفتے کے اندر جرمنی میں ہونے والا تیسرا پرتشدد واقعہ ہے۔ جمعے کے روز جنوبی جرمن شہر میونخ میں ایک ایران نڑاد نوجوان نے ایک شاپنگ مال کے قریب فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ حکام کے مطابق اولمپیا شاپنگ سینٹر میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور نے انٹرنیٹ کے ذریعے اسلحہ حاصل کیا۔ باویریا کے وزیرداخلہ یوآخم ہیرمان نے بتایا کہ انٹرنٹ کے ذریعے اس نوجوان نے نیم خودکار پستول حاصل کی۔
ہیرمان کا کہنا تھا کہ ایران نڑاد جرمن حملہ آور نے ایسے حملوں سے متعلق اچھی خاصی ریسرچ کی تھی۔ قبل ازیں ایک افغان مہاجر نے ورسبرگ میں ایک ٹرین پر کلہاڑی اور چھرے سے حملہ کر کے متعدد مسافروں کو زخمی کر دیا تھا۔ شدت پسند تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔ پہلے فرانس اور بیلجئم اور اب جرمنی میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے بعد یورپی ممالک میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Syrian refugee 21 hacks pregnant woman to death with machete and injures two others in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply