دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو فراموش کرنا نہایت افسوسناک: شہزادہ محمد بن سلمان

ریاض: پاکستان کو اس وقت زبر دست تقویت حاصل ہوئی جب دورہ سعودی عرب پر جانے والے پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش اور قابل قدر ہیں اور ان کا ملک ان قربانیوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کی نا قابل فراموش قربانیوں کو نظر انداز کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔
سعودی ولی عہد نے مزید کہاکہ سعودی عرب پاکستان کو ایک مضبوط اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے ، امید ہے پاکستان جلد ہی تمام مشکلات پر قابو پاتے ہوئے اپنی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم خاقان عباسی نے کہا: پاکستان ہمیشہ سے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا رہا ہے۔ پاکستان سعودی قیادت کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہپاکستان نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف ہونے والی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے نیز خطے میں استحکام کے لیے جانی و مالی قربانی دی ہے۔ وزیر اعظم نے 2030 کے سعودی وڑن کو قابل تحسین قرار دیا۔
وزیر اعظم اپنے پہلے دورہ سعودی عرب کے دوران عمرے کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر بھی حاضری دیں گے۔ اس سے قبل جدہ ایئرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر عبد اللہ بن بندر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا اور سعودی افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔اس ملاقات میں بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Saudi crown prince hails pakistans role in fight against terror in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply