سعودی عرب نے مکہ مدینہ کے حوالے سے قطری بیان کو مملکت کے خلاف اعلان جنگ قرار دیا

دوبئی: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ” قطر کا مکہ مدینہکے مقدس مقامات کو بین الاقوامی بنانے کا مطالبہ ایک جارحانہ فعل اور سعودی مملکت کے خلاف اعلانِ جنگ ہے“۔ انھوں نے اتوار کے روز بحرین کے دارالحکومت منامہ میں چارعرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر العربیہ اور الحدث نیوز چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ”ہم ایسے کسی بھی فریق کو جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں جو مقدس مقامات کو بین الاقوامی قرار دینے کے لیے کام کررہا ہے“۔ قبل ازیں عادل الجبیر نے قطر کی جانب سے حج کے معاملات کو سیاسی بنانے کی کوششوں کی مذمت کی تھی اور انھوں نے کہا تھا کہ قطریوں کی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آمد پر ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انھوں نے منامہ میں اماراتی ،بحرینی اور مصری وزرائے خارجہ کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ ”سعودی عرب قطر کی جانب سے اپنے عازمین حج کی مملکت میں آمد کو روکنے کے لیے اور حج امور کو سیاسی بنانے کی کوششوں کو مسترد کرتا ہے“۔.
سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ” مملکت کی عازمین حج کے خیر مقدم اور انھیں سہولتیں مہیا کرنے کی تاریخ بڑی واضح ہے اور انھیں ہر طرح سے سہولتیں مہیا کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب دنیا بھر کے حجاج کی طرح قطریوں کا بھی حج کی ادائیگی کے لیے خیرمقدم کرے گا۔ بحرین کے وزیر خارجہ شیخ کالد بن احمد الخلیفہ نے مناما میں کہا کہ اس قسم کے مطالبات عام طور پر ایرانیوں کی طرف سے کیے جاتے ہیں اور جو کوئی بھی اس انداز میں بات کرتا ہے وہ دراصل ایران کے نقش قدم چل رہا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد شروع ہوچکی ہے لیکن قطر سے ابھی تک کوئی ایک شخص بھی حج کے لیے مکہ ،مدینہ نہیں پہنچا ہے۔ایک سعودی عہدہ دار کا کہنا ہے کہ قطر نے اپنے شہریوں کے حج پر جانے پر پابندی عاید کردی ہے لیکن اس نے ابھی تک اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا ہے ۔

Title: saudi arabia says qatari statements on haj are a declaration of war | In Category: دنیا  ( world )

Leave a Reply