سعودی عرب اور اس کے حلیفوں کا ایران و حزب اللہ کے خلاف متحد ہونے کا عزم

قاہرہ: سعودی عرب اور دیگر عرب ملکوں کے وزراءخارجہ نے ایران اور اس کے لبنانی شیعہ حلیف حزب اللہ پر کڑی تنقید کی اور لبنان میں ایران کی مداخلت کے خلاف متحد ہونے کا عزم کیا۔
واضح رہے کہ لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری کے اچانک مستعفی ہوجانے اور یمن کے حالات مزید خراب ہوجانے پر سعودی عرب اور ایران میں حالیہ ایام میں اختلافات اور کشیدگی میں اور بھی اضافہ ہوگیا ہے۔سعودی عرب کا یہ بھی الزام ہے کہ اس ماہ یمن سے سعودی دارالحکومت ریاض پر جو میزائل داغا گیا تھا اس میں حزب اللہ کاہاتھ تھا۔جبکہ ایران وہاں سرگرم حوثی قبائل کو اسلحہ فراہم کرنے کی متواتر تردید کر رہا ہے۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب خاموش تماشائی نہیں بنا رہے گا اور اپنے دفاع کے لیے کوئی بھی اقدام کرنے سے نہیں ہچکچائے گا۔عرب وزراءخارجہ کا یہ ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر ،جس میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کی رضا مندی بھی شامل تھی،طلب کیا گیا تھا۔
قبل ازیںلبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل نے کہا ہے کہ عرب ممالک سمیت کسی بھی ملک کی جانب سے لبنان پر جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ لبنان ہر طرح کی بیرونی جارحیت کا جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔لبنانی وزیر خار جہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو جنگ کے لئے نہیں اکسانا چاہئے کیونکہ اسرائیل کو ہی شکست کا منہ دیکھنا ہوگا جبکہ اسرائیل کو جنگ شروع کرنے سے باز رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ایسی کسی بھی جنگ میں کامیابی لبنان کی ہی ہوگی۔
انہوں نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی نے حزب اللہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو یہ اقدام لبنان کی حکومت اور عوام کو نشانہ بنانے کے مترادف ہوگا اور جو ممالک ایسی جسارت کرنا چاہتے ہیں انہیں اپنے انجام کا بھی منتظر رہنا چاہئے۔لبنان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا جس چیز کا مشاہدہ کر رہی ہے وہ یہ ہے کہ علاقے میں بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس علاقے کو دہشت گردی کے مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے لیکن لبنان با وجود اس کے کہ ہر طرح کی ممکنہ جنگ میں کامیاب ہوگا خود کسی جنگ میں پہل نہیں کرے گا۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Saudi arabia and arab allies push for unity against iran hezbollah meddling in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply