عمرہ ویزے پر معتمرین کو سعودی عرب کے کسی بھی شہر جانے کی اجازت

ریاض: ریاض :سعودی حکام نے عمرہ ویزے پر آنے والے معتمرین اور زائرین کو سعودی عرب کے کسی بھی شہر جانے کی اجازت دیدی۔عمرہ اورزیارت ویزے پر آنے والے وہی لوگ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے باہر سیاحتی، تاریخی اور تفریحی مقامات پر جانے کے مجاز ہونگے جو مملکت آنے سے قبل سیاحتی پیکیج حاصل کئے ہوئے ہونگے۔

سعودی روزنامے الیوم نے وزارت برائے حج و عمرہ کے انڈر سکریٹری عبدالعزیز الوزن کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، ”گزشتہ ہفتے دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں جب کہ گزشتہ چار دنوں میں پچیس ہزار سے زائد ویزے جاری کیے گئے ہیں۔“ان کا کہنا تھا کہ اب زائرین کو سعودی عرب کے دیگر شہروں کو دیکھنے کی بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

عبدالعزیز الوزن کے مطابق سعودی عرب آنے والے زائرین کی بہتری کے لیے یہ ایک بہت بڑا قدم ہے۔ تاہم انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 30روزہ ویزے میں سے زائرین کو کم از کم15 دن دو مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں گزارنا ہوں گے۔

سعودی عرب کے دیگر شہروں کی سیاحت کی اجازت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شوال کے مہینے کے اواخر تک عمرہ زائرین کی تعداد8 عشاریہ پانچ ملین تک پہنچ جائے گی جب کہ گزشتہ برس ایسے زائرین کی تعداد 7ملین سے تجاوز کر گئی تھی۔ موجودہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق حج کے بعد مدینہ پہنچنے والے زائرین کی تعداد 7لاکھ 70ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

سعودی حکام مسلسل اس کوشش میں ہیں کہ ملک میں مذہبی سیاحت کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے۔ حال ہی میں ریاض حکومت نے متعدد تاریخی مقامات کے دروازے غیرملکی اور غیرمسلم سیاحوں کے لیے بھی کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Saudi arabia allows umrah performers to visit all cities in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News
What do you think? Write Your Comment