روس نے ’ ناقابل تسخیر ‘ ہتھیار تیار کر لئے ہیں جو دنیا میں کہیں بھی ما ر کر سکتے ہیں۔ صدر پوتن

ماسکو:(ایجنسی)روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ روس نے ایسے ’ ناقابل تسخیر ‘ ہتھیار تیار کر لئے ہیں جو دنیا میں کہیں بھی ما ر کر سکتے ہیں۔ صدر پوتن نے نئے جوہری ہتھیار وں کی تیاری کا دعویٰ اپنے چوتھے صدارتی انتخابات سے قبل کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق روسی صدر نے ٹیلی ویڑن پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران ملک کی جانب سے تیار کردہ میزائلوں سمیت کئی نئے ہتھیاروں کی ویڈیوز دکھائیں، جو بحر اوقیانوس سمیت دنیا میں کہیں بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ولادی میر پوتن نے اپنی 2004 کی ایک تقریر کا حوالہ دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ روس ہتھیاروں کی نئی جنریشن تیار کرے گا، اور ان کے مطابق اب ان کا یہ وعدہ پورا ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پہلے کوئی بھی ہم سے بات تک نہیں کرنا چاہتا تھا اور نہ ہمیں سننا چاہتا تھا، لیکن اب وہ ہمیں سنیں گے۔‘روسی صدر کی اس بات پر وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اور وزیر خارجہ سرگئی لاروف سمیت ایوانوں میں موجود اراکین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہائپرسونک میزائل سسٹم آواز سے 20 گنا زیادہ تیزی سے پرواز کر سکتا ہے، جس کے باعث یہ فضائی اور میزائل دفاع کی کسی بھی قسم کے مقابلے میں ناقابل تسخیر ہے، جس کا کوئی ملک موازنہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ روس نے فضا سے مار کرنے والے نئے چھوٹے میزائل سسٹم ’کِنزال‘ کا تجرباتی استعمال بھی شروع کردیا ہے، جو آواز سے 10 گنا رفتار سے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ولادی میر پوتن نے کہا کہ اس کے علاوہ روس نے بغیر انسانوں کے پانی میں چلنے والی ڈیوائسز بھی تیار کرلی ہیں، جو آبدوزوں اور ٹورپیڈوز کے مقابلے میں کئی گنا تیزی سے سفر کر کے نیوکلیئر وارہیڈز لا سکتی ہیں۔انہوں نے نئے کروز میزائل اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’سرمت‘ کے تجربات بھی دکھائے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Putin boasts of new generation invincible weaponry in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News
What do you think? Write Your Comment