ایران دنیا کو یرغمال بنانے کے لیے ایٹمی معاہدے کو ہتھیار نہیں بنا سکتا:امریکہ

اقوام متحدہ:ایران کے صدر حسن روحانی کے اس حالیہ انتباہ پر کہ اگر اب امریکہ نے نئی پابندیاں عائد کیں تو ایران کو فائیو پلس ون کے ساتھ کیے گئے ایٹمی معاہدے کو توڑنے میں چند گھنٹے بھی نہیں لگیں گے، امریکہ نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران دنیا کو یرغمال بنانے کے لیے ایٹمی معاہدے کو ہتھیار نہیں بنا سکتا۔ اقوام متحدہ میں متعین امریکی سفیر نکی ہیلی نے اجلاس میں خطاب کے دوران کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کا تعلق جوہری معاہدے کے ساتھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے جوہری معاہدے کا غلط استعمال کر رہا ہے اور ایران اس کے ذریعہ دنیا کو یرغمال بنانا چاہتا ہے۔۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کو میزائل تجربات، دہشت گردی کی معاونت، انسانی حقوق اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔ایک طرف امریکہ کے سر پر جنگی جنون طاری ہے اور دوسری طرف وہ شمالی کوریا اور ایران کے میزائل پروگرام کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔ شمالی کوریا کے ساتھ توبیان بازی سے صورت حال اس قدر بدبو دار ہو گئی ہے کہ دنیا ایک ایٹمی جنگ کے خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔ دوسری جانب وہ ایران کے ساتھ بھی تند و تیز بیان بازی میں مصروف ہوگیا ہے ۔
جس سے حالات اور بھی دھماکہ خیز ہو گئے ہیں ۔یاد رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے جوہری معاہدے کے خلاف امریکی صدر کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران پر مزید پابندیاں لگائی گئیں تو وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ معاہدہ توڑنے میں چند گھنٹے بھی نہیں لگائیں گے۔واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے جواب میں ایرانی پارلیمنٹ نے اپنے دفاعی بجٹ میں 250 ملین ڈالر کا اضافہ کر کے امریکہ کی نیند حرام کر دی ہے۔ نیز ا س نے اپنے میزائل پروگرام کو بھی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nikki haley iran cant use nuclear deal to hold world hostage in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply