نواز شریف لندن پہنچ گئے، ہارلے اسٹریٹ کلینک میں باقاعدہ ٹسٹ و علاج شروع

لندن : حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے درمیان طویل عرصہ تک تیز و تند جملوں، طعنہ کشی اور تلخ کلامی کے درمیان علیل سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اپنا علاج کرانے منگل کی شام میں لندن پہنچ گئے۔

پی ایم ایل این کے بزرگ رہنما دوشنبہ کی صبح جاتی امرا میں اپنی رہائش گاہ سے لاہور کے پرانے ہوائی اڈے روانہ ہوئے تھے جہاں ہر قسم کی طبی سہولتوں اور لوازمات سے آراستہ ایک جدید ترین ایر ایمبو لنس انہیں لندن لے جانے کے لیے تیار کھڑی تھی۔لاہور سے پرواز بھرنے کے بعد یہ ایر ایمبولنس ایندھن بھرنے اور فضائی اور طبی عملہ کی تبدیلی کے لیے دو گھنٹے دوحہ رک کر لندن روانہ ہوئی۔

لندن پہنچنے کے دوسرے روز بدھ کو (آج) نواز شریف کو ہارلے اسٹریٹ کلینک لے جایا جائے گا جہاں ان کے تمام ٹسٹ کیے جائیں گے۔ ان کے بیٹے حسین نواز کی رہائش گاہ میں تمام ہنگامی طبی سہولتوں سے آراستہ ایک خاص کمرہ تیار کیا گیا ہے جہاں ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان ان کی دیکھ بھال کریں گے۔

حسین نے اپنے والد کا استقبال کرنے کے بعد سب سے پہلے ٹوئیٹر سنبھالا اور ٹوئیٹ کیا”آج شہباز شریف نے ایک بار پھر خود کو ایک مخلص اور سچا بھائی ثابت کر دیا“۔

نواز شریف کو سب سے پہلے پارک لین علاقہ میں واقع ایون فیلڈ ہاؤس لے جایا گیا جہاں حسین نواز کے علاوہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ان کے چھوٹے داماد علی دارند اوران کی سب سے چھوٹی بیٹی اسماءشریف ان کے استقبال کو موجود تھے۔

بعد ازاں نواز شریف نے حسین کے اپارٹمنٹ میں رات گذاری اور آج لندن میں مختلف امراض کے ماہرین سے مشاورت کی۔ فی الحال ان کا قیام حسین کی رہائش گاہ پر قائم عارضی کلینک میں ہی رہے گا جہاں ڈاکٹر عدنان کے علاوہ ہارلے اسٹریٹ کلینک کے بھی دو سینیئر ڈاکٹرز موجود رہیں گے۔

دوشنبہ کو لاہور میںنواز شریف کو الوداع کہنے کے لیے پی ایم ایل این رہنماؤں ،کارکنوں اور حامیوں کی ایک کثیر تعداد ان کی رہائش گاہ رائے ونڈ اور ہوائی اڈے پر موجود تھی۔

انہوں نے ان کی کار پر پھول برسائے اور وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نعرے لگائے۔سبھی لوگ اپنے ہردلعزیز رہنما نوازشریف کی، جو سیاہ پتلون اور جیکٹ میں ملبوس تھے، ایک جھلک دیکھنے کے لیے ایک دوسرے پر چڑھے جا رہے تھے اور دھکا مکی کر رہے تھے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nawaz lands in london sets off heated debate in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.