شمالی کوریا نے حکمراں کمیونسٹ پارٹی کے تاریخی اجلاس پر چین کو بادل نخواستہ مبارکباد دی

سیول: شمالی کوریا نے چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی کے 19ویں تاریخی اجلاس پر چین کوکشیدگی کے سائے میں تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ شمالی کوریا کی حکمراں شرمک پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے اپنے ایک مختصر مبارکبادی بیان میں، جو غالباً رسم دنیا نبھاتے ہوئے بھیجا گیا ہے، تمام پارٹی اراکین اور چینی عوام کو مبارکباد دی اور کہاکہ چین نے کمیونسٹ پارٹی کی فعال قیادت و رہنمائی میں چینی خصوصیات کے ساتھ سوشلزم کی تعمیر میں کافی ترقی کی ہے۔
کمیٹی نے سرکاری خبررساں ایجنسی کی سی این اے کے ذریعہ بھیجے گئے پیغام میں کہاکہ ہم اس کانگریس کے تعلق سے بہت خوش ہیں اور پوری ایمانداری سے اس کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات دیتے ہیں۔ دوسری طرف جنوبی کوریا کے حکام اور ماہرین نے تشویش ظاہر کی ہے کہ شمالی کوریا چین میں کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس کے وقت یعنی 18اکتوبر کو ہتھیار کا ٹیسٹ کرسکتا ہے۔ امریکہ ،اس کے اتحادی اور چین میں ایک بڑا طبقہ یہ مانتا ہے کہ چین کو شمالی کوریا پر لگام لگانے کے لئے زیادہ کوششیں کرنی چاہئیں۔
شمالی کوریا کے مسلسل نیوکلیائی اور میزائل تجربات سے دونوں ممالک کے مابین اعلی سطحی سفارتی تعلقات ٹوٹنے کی دہلیز پر ہیں ۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا کے ایٹمی اسلحہپروگرام کے باعث اس کے خلاف عائد کی گئی پابندیوں کو چین سخت کرچکا ہے۔ جس کے باعث چین سے شمالی کوریا کے تعلقات میں تلخی آگئی ہے ۔ جس کے باعث اس نے خلاف معمول نہایت مختصر پیغام مبارکباد بھیجا ہے۔ اس کے باوجود شمالی کوریا کا چین کو مبارکباد دینا اندر کی کہانی بیان کر رہاہے۔
شاید وہ اس احسان کو نہیں بھولا جس 1950کی کوریائی جنگ میں چین نے اسے شکست سے بچا کر اس پر کیا تھا۔ اور ایک بار پھر جب امریکہ سے اسے خطرہ لاحق ہو گیا ہے تو ایک بار پھر وہ خود کو ہارنے سے بچانے کے لیے چینی مدد کا متمنی ہے ۔ا سی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس نے تعلقات میں کشیدگی کے باوجودپیغام مبارکباد، مختصر ہی سہی، بھیجنا ضروری سمجھا۔ یہ بات دیگر ہے کہ چین میں اس پیغام مبارکباد کا کوئی خاص چرچا نہیں ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: N korea sends china communist party faint praise in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply