ترکی کی خاتون اول امینہ اردوغان روہنگیا مسلم پناہ گزینوں کی دلجوئی کے لیے بنگلہ دیش پہنچیں

ترکی کی خاتون اول امینہ اردوغان روہنگیا مسلم پناہ گزینوں کی دلجوئی کے لیے بنگلہ دیش پہنچیں
ڈھاکہ: ترکی کی خاتون اول مسز امینہ اردوغان میانمار سے نقل مکانی کر کے بنگلہ دیش پہنچنے والے روہنگیا مسلمانوں سے ملاقات کے لئے بنگلہ دیش پہنچ گئیں جہاں انہوںنے روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے کیمپوں میں موجود افراد سے ملاقاتیں کر کے صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ مظلوم مسلمانوں نے ترک صدر کی اہلیہ کو جب اپنے درمیان پایا تو ان کے چہروں پر اطمینان دکھائی دیا اور ایک نئی ڈھارس بندھی جبکہ کچھ کے جذبات آنسوو ¿ں سے چھلک پڑے۔ترک صدر کی اہلیہ نے بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مسلمانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں ہر قسم کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے گزشتہ روز بنگال حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ برما سے آنے والے مہاجرین کے لیے اپنے دروازے کھولے اس ضمن میں رہائش، تعلیم سمیت دیگر اخراجات کی مد میں ترک حکومت بنگلا دیش کو امداد دے گی۔واضح رہے کہ میانمار حکومت کے مظالم سے ستائے روہنگیا مسلمان بذریعہ کشتی پانی کے ذریعے بنگلہ دیش میں داخل ہو رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 80 ہزار افراد بنگلا دیش پہنچے ہیں جبکہ ہزاروں افراد میانمار اور بنگلہ دیش کی سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں۔