عراقی فوج کی موصل میں پیش قدمی جاری، سرکاری ٹیلی ویژن پر قبضہ

برٹل (عراق): عراقی فوج نے موصل میں دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) کے خلاف مہم میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سرکاری ٹیلی ویڑن اسٹیشن کی عمارت پر قبضہ کر لیا ہے۔ عراقی فوج کی انسداد دہشت گردی اسپیشل یونٹ کے ایک کمانڈر نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف دو ہفتے پہلے شروع ہوئی اس مہم میں یہ ایک بڑی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے موصل میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ہم نے ایک اہم علاقے کو آزاد کرایا جو کہ مشرقی سمت سے موصل میں داخل ہونے کا اہم دروازہ ہے‘۔ اس سے پہلے پیر کو عراق کے وزیر اعظم حیدر العابدی نے کہا تھا کہ موصل میں تین ہزار سے پانچ ہزار شدت پسند موجود ہیں اور ان کے پاس ہتھیار ڈالنے یا مرنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ گزشتہ دو ہفتے سے موصل سے داعش کا قلع قمع کرنے کی مہم میں 50 ہزار عراقی فوجی، کرد جنگجو، سنی عرب قبائلی جنگجو اور شیعہ مسلح جنگجو شامل ہیں۔
عراقی فوج کی ناکہ بندی شروع ہونے کے ساتھ ہی اقوام متحدہ نے موصل میں رہ رہے 15 لاکھ عام شہریوں کے تحفظ کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انسانی حقوق کے امور سے وابستہ حکام کے مطابق منگل کے روز موصول رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ داعش نے متعددشہریوں کو ہلاک کیا ہے۔ موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کروانے کے لیے پیش قدمی کرنے والی عراقی افواج مرکزی محاذ پر بغیر کسی جانی نقصان کے دشمن کی ابتدائی صفیں عبور کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔
عراقی فوج کے ترجمان صباح النعمان نے بتایا کہ اس کارروائی میں داعش کے لاتعداد جنگجو مارے گئے ہیں جبکہ عراقی فوج کو کوئی خاص جانی نقصان نہیں اٹھانا پڑا ہے۔ دو برس قبل موصل پر داعش کے قبضے کے بعد پہلی بار وہاں داخل ہونے والی عراقی افواج کا کہنا ہے کہ شہر کی مکمل آزادی تک ان کی پیش قدمی جاری رہے گی۔
مسٹر صباح النعمان کا کہنا ہے کہ حکومتی افواج شہر کی گلیوں میں گھر گھر لڑائی کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منگل کو شدید جھڑپوں کے دوران جس میں موصل کے مشرقی کنارے پر داعش کے شدت پسندوں سے سرکاری ٹی وی کی عمارت کا قبضہ چھڑوایا گیا، عراقی افواج کو کسی جانی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
2014 میں موصل پر داعش کے قبضے کے بعد منگل کو پہلی مرتبہ حکومتی فوجیں شہر کے مضافات میں داخل ہوئی تھیں۔ موصل میں داعش کے خلاف کارروائی کا 17واں روز ہے، جس میں کردش پیشمرگہ اور سنی عرب قبائلیوں سمیت 50 ہزار جوان شامل ہیں۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Mosul iraqi army retakes state tv station in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply