کویت نے دہشت گردی کا ٹیگ لگا کر15ایرانی سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا

کویت سٹی:خلیجی ملک کویت نے دہشت گردوں سے تعلق رکھنے کے الزام میں 15 ایرانی سفارتکاروں کو بے دخل کرتے ہوئے ایرانی ثقافتی مشن کو بھی بند کردیا۔ کویت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک میں ایران کا ثقافتی مشن اور اس سے متعلقہ دفاتر کو بند اور ایرانی سفارت کاروں کی تعداد کو کم کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کویت کی حکومت نے پندرہ ایرانی سفارتکاروں کو بے دخل کرتے ہوئے ایرانی فوجی، ثقافتی اور تجارتی مشنز کو بھی بند کرنے کا حکم دے دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام کا تعلق 2015 میں ملک کی عدالت عظمیٰ کی جانب سے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو مجرم قرار دینے کے اس معاملہ سے ہے جس میں کویتی انتظامیہ کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ جس دہشت گرد سیل کا قلع قمع کیا گیا ہے اس کے ایران اور دہشت گرد گروپ حزب اللہ سے روابط تھے۔
سپریم کورٹ نے پچھلے ماہ گروہ کے سرغنہ کو کویت میں حملوں کی سازش کرنے کے الزام میں عمر قید اور دیگر 20 کارندوں کو جیل کی مختلف سزائیں سنائی تھیں۔ مجرموں میں ایک ایرانی جب کہ باقی مقامی شہری ہیں۔کویت کے قائم مقام وزیر اطلاعات شیخ محمد المبارک نے کہا کہ عدالت کی جانب سے دہشت گرد گروہ کو سزا سنائے جانے کے بعد ایرانی سفارت کاروں کی ملک بدری کا فیصلہ کیا گیا۔اس اقدام سے متعلق کویت میں تعینات ایرانی سفیر کو آگاہ کردیا گیا ہے تاہم ایرانی سفارت خانے کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Kuwait closes iran cultural mission expels diplomats in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply