زندگی میں پہلی بار مقدس ماہ رمضان نہایت تکلیف دہ رہا: لندن مئیر صادق خان

لندن : لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ ان کے لیے اس بار رمضان کا مہینہ بہت تکلیف دہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تکلیف 19تا 20گھنٹے تک روزے سے رہنے سے نہیں بلکہ اس مقدس ماہ میں قتل و غارت گری اورجان لیوا دہشت گردانہ حملوں کے باعث رہی۔انہوں نے ٹرافلگار اسکوائر میں عید تقریبات کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اپنی زندگی اور یاد داشت میں کوئی ماہ رمضان ان کے لیے ایسا تکلیف دہ نہیں رہا جیسا کہ اس بار لندن برج اور فنس بری پارک میں دہشت گردانہ حملوں اور گرین فل ٹاور آتشزدگی کے باعث رہاجس میں 80سے زائد افرادہلاک ہوگئے ۔ انہوں نے کہا انہیں یقین ہے کہ ہم سب نے ان واقعات میں ہلاک ہونے والوں اور ان کے لواحقین کے لیے دعائیں کی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ لندن برج اور فنسیری پارک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی بنا پر جرائم میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ان کا کام مشکل ہوگیا ہے۔ ہم حکومت سے وسائل اور پولیس نفری میں اضافہ کرنے کی درخواست کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ہر علاقے میں پولیس آفیسر جائیں اور معلومات اکٹھی کریں لیکن لوگ ان کے ساتھ تعاون کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں۔صادق خان نے کہا کہ ایک اہم بات یہ ہے کہ اگر ہم اپنے بچوں کو صحیح اسلام پڑھائیں اور اس کے مطابق تربیت کریں تو مذہب کے نام پر نفرت کی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح دولت اسلامیہ فی العراق و الشام( داعش) کے دہشت گرد مسلمانوں اور مغرب کے خلاف نفرت میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں، وہ بھی اپنی پالیسیوں اور غلط فیصلوں کی بنا پر مسلمانوں اور مغرب کے خلاف نفرت میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وہی بات کر رہے ہیں جو دہشت گردی کرنے والی داعش کر رہی ہے جس کی بنا پر مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر داعش والوں کا کام آسان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا: دولت اسلامیہ والے کہتے ہیں کہ اسلام اور مغرب ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور دوسری طرف امریکی صدر بھی یہی کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ اسلام اور مغرب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے لہذا مسلمان امریکہ نہیں آسکتے ۔ لیکن یہ دونوں ہی جس چیز کو بنیاد قرار دے رہے ہیںوہ بالکل غلط ہے کیونکہ عملی طور پر ہمارے پاس اس بات کے مخالف ثبوت موجود ہیں۔

Title: khan ramadan harder than any i can remember after tragedies | In Category: دنیا  ( world )

Leave a Reply