سعودی قیادت والا 41ملکی اسلامی فوجی اتحاد حماس اور حزب اللہ کے قلع قمع کے لیے بنایا گیا ہے :خامنہ ای

تہران:اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای نے سعودی عرب کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے کچھ حکمراں اس لائق ہی نہیں ہیں کہ وہ مسلمانوں پر حکمرانی کریں۔ انہوں نے گذشتہ روز ایک محفل قر آنی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات سے کوسوں دور ہیں، ہمیں چاہیئے کہ ہم قرآن کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں لاگو کریں تاکہ ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوری اسلامی ایران کے مسﺅلین کو چاہیئے کہ اسلام کے مبانی کو پوری دنیا میں بڑی صراحت کے ساتھ بیان کیا کریں کیونکہ دنیا کو اس وقت حقیقی اسلام کی تلاش ہے اور ہمیں دنیا کی اس ضرورت کا جواب دینا چاہیئے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے خطے کے موجودہ حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے بعض مسلمان حکمران اس کے اہل نہیں ہیں کہ وہ مسلمانوں پر حکمرانی کریں کیونکہ وہ مسلمانوں سے زیادہ انکے دشمنوں کے خیر خواہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بعض مسلمان حکمران اپنے ملکوں میں کئی ملین قرآن پاک طبع کراتے ہیں لیکن عملی زندگی میں وہ قرآن کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہیں۔یہ قرآن سے دوری کا ہی نتیجہ ہے۔سپریم لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اسلام دشمنوں کو مختلف اعلیٰ قسم کے تحائف دے کر اپنی حکومت کو دوام بخشیں گے لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ امریکی انکو ایک دودھ دینے والی گائے کی طرح سمجھتے ہیں، جب تک گائے دودھ دیتی رہے گی وہ دودھ دھوہتے رہیں گے لیکن جب گائے کسی مصرف کی نہیں رہ جائے گی تو سب جانتے ہیںکہ وہ اس کا کیا حشر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بعض مسلمان حکمران اسی طرح مسلمانوں کے ساتھ خیانت کرتے رہے تو یہ یقینا بہت جلد نابود ہو جائیں گے۔سعودی فوجی اتحاد کو دہشت گردی کےخلاف کارروائیوں کے لیے بنایا گیا تھا،جسکے لیے سعودی حکمرانوں نے پوری دنیا میں بہت زیادہ تشہیر کی اور دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ ہم واقعا دہشت گردی کےخلاف پرعزم ہیں اور دہشت گرد تنظیموں کو نابود کر دیا جائے گا، لیکن سعودی عرب میں ہونے والے اسلامی، امریکی اجلاس اور اس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر نے بہت سارے لوگوں کی آنکھیں کھول دی ہیں، اب لوگ متوجہ ہو رہے ہیں کہ یہ اتحاد در اصل ایران اور اسکی حامی جہادی تنظیموں جیسے حماس اور حزب اللہ کی بیخ کنی کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Khamenei terms saudis as americas milking cow in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply