نئی دہلی: شہریت ترمیمی بل کے خلاف،جو پارلیمنٹ کے دونوںایوانوں کی منظوری اور پھر صدر جمہوریہ کی مہر تصدیق ثبت ہونے کے بعد قانون بن گیا ہے،پورے آسام میں مظاہروں، آتشزنی، تشدد ،پولس فائرنگ اور دفعہ144اور کرفیو کے نفاذ کے باعث جاپان کے وزیر اعظم شین زو آبے نے اپنا دورہ ہندوستان منسوخ کر دیا۔ مسٹر آبے کو آسام کے دارالخلافہ گوہاٹی میں 15دسمبر کو ہونے والی ہند۔ جاپان سالانہ سربراہ کانفرنس کے لیے ہندوستان آنا تھا۔ لیکن چونکہ اس وقت شہریت ترمیمی بل کے خلاف آسام میں دھماکہ خیز صورت حال کے پیش نظر دونوں ملکوں نے کانفرنس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئیٹر کے توسط سے کہا کہ فریقین نے وزیر اعظم آبے کیمستقبل قریب میںکسی موزوں تاریخ پر آمد کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر موید اور شین زو آبے کے درمیان گوہاٹی میں 15تا17دسمبر تبادلہ خیال ہونا تھا۔ لیکن سٹیزن شپ بل پر پورا گوہاٹی پر تشدد احتجاج کی آگ میں جھلس رہا ہے اس لیے اجلاس منسوخ کرنا پڑا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزماں خان اور وزیر خارجہ اے کے عبد المومن نے بھی ہندوستان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔عبد المومن نے دورہ منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر ظلم و زیادتی کے جو الزامات لگائے ہیں وہ درست نہیں ہیں۔عبد المومن کے دورہ ہند کے پروگرام کے مطابق انہیںجمعرات کی شام میں دہلی پہنچنے کے بعد جمعہ کو وزارتی سطح کے دہلی ڈائیلاگ اور انڈین اوشئین ڈائیلاگ میں شرکت اور ہفتہ کی صبح وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ہمراہ ناشتہ کرکے وطن واپس پرواز کرجانا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *