ایران کا سعودی عرب پر یمن میں دہشت گردوں کی مدد کرنے کا الزام

دوبئی: یمن کے دار الحکومت صنعا میں آج جہاں ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک ہونے والے فضائی حملے میں دو فوجیوں سمیت سات لوگوں کی موت ہوگئی۔ وہیں ایران نے سعودی عرب پر الزام لگایا ہے کہ وہ یمنی خانہ جنگی میں ’دہشت گردوں‘ کی حمایت کر رہا ہے۔سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فوج نے ابھی تک اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صنعاءسے 10 کلو میٹر دور ضلع مساجد میں جنگی طیاروں نے ایک گیس اسٹیشن کے نزدیک بم گرا دیا، جس کی زد میں ایک گاڑی تباہ ہوگئی ، جس میں سات لوگوں کی موت ہوئی۔ اس بیچ انسانی حقوق کے اداروں نے یمن میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی غیرجانبدارانہ چھان بین کا مطالبہ کر دیا ہے۔ رائٹرنے ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے سعودی عرب پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یمن میں جاری پراکسی جنگ میں ’دہشت گردوں‘ کی حمایت کر رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی اتحادی افواج صنعاء اور یمن کے شمالی حصوں سے مسلح حوثی باغیوں کو ہٹانے کے لئے فضائی حملے ک کررہی ہیں۔ اتحادی فوج نے مارچ 2015 میں یمن کی خانہ جنگی ختم کرنے کے لئے مہم شروع کی تھی۔ خانہ جنگی شروع ہونے اور اتحادی فوج کی مداخلت کے بعد سے کم از کم 10000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ناقدین کے مطابق یمن جنگ میں سعودی عسکری اتحاد کی شرکت سے اس عرب ملک کے حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔ ایران سعودی عرب پر پہلے بھی اس طرح کے الزامات عائد کرتا رہا ہے جبکہ دوسری طرف ریاض حکومت کا اصرار ہے کہ علاقائی سطح پر دہشت گردی میں اضافے کی ذمہ دار ایرانی حکومت ہے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پر جاری ہونے والے ایک بیان میں روحانی نے کہاہے کہ ”سعودی عرب کی یمن میں مداخلت اور یمن اور شام میں دہشت گردوں کی حمایت دراصل تہران اور ریاض کے باہمی تعلقات معمول پر لانے میں بڑی رکاوٹ ہیں“۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو یمن میں ایسی کارروائیوں کو ترک کر دینا چاہیے۔ ناقدین کے مطابق سعودی عرب اور ایران دونوں ہی خطے میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے کی کوششوں میں ہیں۔ اس لیے یہ دونوں ممالک مبینہ طور پر یمن، شام، عراق اور لبنان میں فعال اپنے اپنے حامی عسکری گروہوں کو کمک فراہم کر رہے ہیں۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Irans rouhani says saudi arabia should stop backing terrorists in yemen tv in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply