مغربی ممالک جب تک ایٹمی ہتھیاروں کو تباہ نہیں کر دیتے تب تک میزائل پروگرام پر مذاکرات نہیں ہو سکتے:ایران

تہران:(ایجنسی) ایران کی مسلح فوج کے ترجمان نے عندیہ دیا ہے کہ جب تک مغربی ممالک اپنے ایٹمی ہتھیاروں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو ختم نہیں کردیتے تب تک ان سے تہران کے جوہری پروگرام پر بات چیت نہیں ہو سکتی۔
بریگیڈیئر جنرل مسعود جزائری نے ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ایرنا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکا ابہام میں آکر اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائل صلاحتیوں کو محدود کرنے کی بات کر رہا ہے وہ ان کا کبھی نہ پورا ہونے والا خواب ہے۔ایران اور مغربی ممالک کے درمیان میزائل پروگرام پر مذاکرات کے امکان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مغربی ریاستیں اپنے ایٹمی ہتھیاروں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو تباہ کردیں تو پھر ایران کے میزائل پروگرام پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی ایران کے میزائل پروگرام کے حوالے سے تنقید کی وجہ اس کا خطے میں ناکامی سے دوچار ہونا ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبر دار کیا تھا کہ اگر ایران نے اپنے میزائل پروگرام کو بند نہیں کیا تو 2015 میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کو ختم کردیا جائے گا۔
ادھر یورپی ممالک نے بھی امریکی صدر کو منانے کی کوششیں کیں کیونکہ یہ حکومتیں ایران کے ساتھ معاہدے کو جاری رکھنے کی خواہاں ہیں، تاہم انہوں نے بھی ایران کے بڑھتے ہوئے میزائل پروگرام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایران کا دورہ کرنے سے قبل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ جین یوس لی ڈرین کا کہنا تھا کہ اگر ایران عالمی برادری میں واپس آنا چاہتا ہے تو اسے اپنے میزائل پروگرام اور خطے میں جاری تنازعات میں اس کی شمولیت کے حوالے سے تحفظات کو دور کرنا ہوگا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر کارجہ پالیسی علی اکبر ولایتی نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ایران کا دفاعی پروگرام فرانس اور دیگر ممالک کا مسئلہ نہیں ہے کہ وہ یہاں آئیں اور ہمیں یہ بتائیں کہ ہم کون سے میزائل اپنے پاس رکھیں۔ کیا ہم فرانس سے یہ کہتے ہیں کہ انہیں اپنا دفاع کیسے کرنا چاہیے؟‘۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Iran no missile talks unless west gives up its nuclear weapons in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply