ایران میں 40مشتبہ دہشت گرد گرفتار

ایران میں 40مشتبہ دہشت گرد گرفتار
دبئی: (یواین آئی) ایران کی سیکورٹی فورسز نے سیستان اور بلوچستان کے فوجی ٹھکانوں پر حملے کی سازش کرنے والے ایک دہشت گرد گروپ کے 40 ارکان کو گرفتار کیا ہے۔یہ اطلاع کل ایران کی وزارت داخلہ نے دی۔
دہشت گردوں نے جس صوبے کے فوجی ٹھکانوں پر حملے کی سازش کی تھی، اس کی حدود افغانستان اور پاکستان سے ملتی ہیں۔ اس صوبے میں حالیہ ہفتوں میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کئی بار تصادم ہوا ہے۔دہشت گردوں کی گرفتاری کی اطلاع ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے ایک بیان میں دی ہے جسے ایران کی خبررساں ایجنسی ارنا نے جاری کیا ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کی شناخت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 40 میٹر لمبی اور 20 میٹر چوڑی سرنگ بنائی تھی جس کا استعمال وہ حملے کے لئے کرنے والے تھے۔ (یواین آئی)