نریندر مودی نے پاکستان کو دشمنی و دہشت گردی حامی ملک بتایا

نئی دہلی/ کولمبو: وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ اس بات کا حتمی یقین رکھتے ہیں کہ گوتم بدھ کا پیغام امن دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تشدد کا جواب ہے۔ کولمبو میں بین الاقوامی ویساک ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک ملک ایسا بھی ہے جو نفرت کا حلیف اور حامی ہے اور وہ مذاکرات کے دروازے نہیں کھولنا چاہتا بلکہ اس نے اپنے دروازے صرف اور صرف قتل و غارت گری اور تباہی و بربادی مچانے کی راہیں ہموار کرنے کے لیے کھول رکھے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ اس وقت پائیدار عالمی امن کو کسی دو ملک کے جھگڑے سے لازمی طور پر کوئی بڑا خطرہ لاحق نہیں لیکن جس ذہنیت کی جڑیں نفرت اور تشدد کی مٹی میں ہیں اس ذہنیت سے عالمی امن کو زبردست خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے نفرت کے نظریات اور ہمارے خطے میں اسے پھیلانے والے ہلاکت اور تباہی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبرد ار کیا کہ خطے میں دہشت گردی کی عفریت اسی تباہ کن جذبے کا واضح نتیجہ ہے۔ یوم وساک کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ گوتم بدھ کی تعلیمات کی آج بھی اتنی ہی اہمیت اور ضرورت ہے جتنی صدیوں پہلے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا گوتم بدھ کی تعلیمات امن کو برقرار رکھنے اور خطے اور خطے سے باہر امن کی کوشش کرتے رہیں گے۔ مسٹر مودی نے اس موقع پر یہ اعلان بھی کیا کہ اسی سال اگست کولمبو اور بنارس کے درمیان ایئر انڈیا کی براہ راست پرواز شروع ہوجائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے براہ راست پرواز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تمل لوگوں کو کاشی وشوناتھ کا درشن کرنے کی سہولت دستیاب ہو پائے گی۔ مسٹر مودی نے کہا “میرا خیال ہے کہ سری لنکا کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مضبوط کرنے کا یہ اچھا موقع ہے۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اس سال اگست سے ایئر انڈیا کولمبو سے وارانسی کے درمیان راست پرواز کا آغاز کرے گا۔
انہوں نے کہا، “کولمبو اور وارانسی کے درمیان راست پرواز سے میرے تمل بھائیوں اور بہنوں کو کاشی وشوناتھ کی سرزمین وارانسی کا دورہ کرنے میں سہولت ہو گی اور وہ کاشی وشوناتھ کے درشن کر پائیں گے۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہندستان سری لنکا کی ترقی میں مدد کے لئے نقل و حمل ، توانائی، صحت اور ایسے دوسرے شعبوں میں تعاون کا دائرہ وسیع کررہا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم سری لنکا کے دو روزہ دورے پر ہیں۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: In sri lanka pm modi takes a dig at proponent of hate pakistan in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply