ہلیری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی باقاعدہ صدارتی امیدوار نامزد

واشنگٹن: (رائٹر) ہلیریی کلنٹن امریکی تاریخ میں پہلی خاتون بن گئی ہیں جنھیں ایک اہم پارٹی نے اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔ منگل کی شام پنسلنوانیا کے شہر، فلاڈیلفیا میں ڈیموکریٹک قومی ڈیلیگیٹس کے ’ووٹ کاؤنٹ‘ میں ہلیری کلنٹن کو 2842 اور سینیٹر برنی سینڈرز کو 1865 ووٹ پڑے جس سے ہلیری کلنٹن امریکہ کی پہلی خاتون امیدوار بن گئی ہیں جنھیں پارٹی نے اب باقاعدہ صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔
مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ڈیلیگیٹس نے ’رول کال‘ کے طریقہ کار کے تحت صوتی ووٹ دیے۔ اس وقت کنوینشن ہال میں اپنی بیگم کے ہمراہ سینیٹر برنی سینڈرز نہ صرف موجود تھے بلکہ رول کال کے اختتام پر انہوںنے تجویز بھی پیش کیکہ ”ضابطہ کار کو بالائے طاق رکھ کر اور مزید وقت ضائع کیے بغیرہلیری کلنٹن کی نامزدگی کا اعلان کیا جائے۔“
امریکی صدارتی نامزدگی کی کنوینشن اور اسٹیٹ ڈیلیگیٹس کی قدیم روایت کو مد منظر رکھتے ہوئے، فلاڈیلفیا میں ڈیموکریٹک پارٹی کا چار سالہ اجتماع جاری رہا، جس میں باضابطہ رائے دہی کے ذریعے، کلنٹن کو نامزد کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ پر براہ راست دکھائی جانے والی اس رول کال کارروائی میں دلچسپی رکھنے والوں کی نگاہیں امریکی سیاسی منظرنامے پر لگی رہیں۔پیر کی شام گئے کنوینشن کے پہلے روز اپنے خطاب میں، انتخابی مہم کے دوران کئی ماہ تک کلنٹن کے مدِ مقابل رہنے والے ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے اپنے حامیوں سے کہا کہ انھیں ووٹ دیا جائے، ”لیکن، میں ہلیری کے ساتھ ہی کھڑا ہوں“۔
اپنی تقریر میں انھوں نے جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلنٹن کی حمایت کا اعلان کیا، جس سے یہ بات واضح ہوئی کہ پارٹی متحد ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کا ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ سے مقابلہ ہے۔ اراضی و املاک کی خرید و فروخت کے نامور ارب پتی ٹرمپ کو گذشتہ ہفتے ان کی پارٹی نے باضابطہ طور پر امیدوار نامزد کیا تھا۔
ہلیری کی نامزدگی پختہ ہونے کے بعدان کے شوہر بِل کلنٹن، جو 1990کی دہائی میں امریکہ کے صدر رہے ، ایک کنوینشن سے خطاب کریں گے جس میں وہ امریکیوں کو بتائیں گے کہ آٹھ نومبر کے قومی انتخاب میںہلیری کو ووٹ دینا کیوں ضروری ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Hillary clinton declared nominee for president post in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply