تل ابیب میں فلسطینی بندوق برداروں کی فائرنگ،4اسرائیلی ہلاک

تل ابیب:پولس کے مطابق یہاں اسرائیل کی وزارت دفاع اور اصل فوجی ہیڈ کوارٹر کے قریب واقع سرونا بازار میں ایک معروف نائٹ کلب پر دو بندوق برداروں کی اندھا دھندفائرنگ میں چار اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔
یہ واردات بدھ کی شب ریستورانوں اور کیفوں سے آباد سرونا مارکٹ میں ہوئی۔ اس اندھا دھند فائرنگ میں کم از کم5دیگر زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اچیلوو ہاسپٹل میں داخل کر دیا گیا۔ابتداءمیں پولس نے بتایا تھا کہ ایک ہی حملہ آور تھا لیکن حکومتی ترجمان مراوو لیپیڈاٹ نے کہا کہ یہ فائرنگ دو بندوق برداروں نے کی اور یہ دہشت گردانہ حملہ تھا۔ دونوں پر قابو پا لیا گیا۔
جن میں سے ایک کو تفتیش کے لیے لے جایا گیا اور دوسر جو زخمی ہو گیا اسے اسپتال پہنچا دیا گیا۔پولس نے بتایا کہ حملہ آور مقبوضہ مغربی کنارہ میں الخلیل شہر کے یطّا میں رہائش پذیر ایک ہی فلسطینی کنبہ کے افراد تھے۔ اسی قسم کے پانچ ماہ قبل ایک حملہ اسرائیلی عرب نے کیا تھا جس میں اس نے فائرنگ کر کے 2افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ اکتوبر2015سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور اسرائیل میںبڑھتی کشیدگی ہلاکت خیز تشدد میں بدل گئی ہے۔گذشتہ نصف سال کے دوران فلسطینی حملوں میں کم از کم32اسرائیلی اور دو امریکی ہلاک ہو چکے ہیں۔جبکہ اتنی ہی مدت میں اسرائیلی فورسز نے کم از کم196فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Four killed in shooting at tel aviv nightspot in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply