افغان فوج نے فراہ شہر طالبان سے خالی کرالیا

کابل: شمالی افغانستان میں تعینات افغان فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے فراہ شہر کو طالبان سے مکمل طور پر خالی کرا لیا لیکن یہ بات یقینی بنانے کے لیے کہ باقی ماندہ طالبان کا بھی قلع قمع ہو چکا ہے کارروائی فی الحال جاری رہے گی ۔

مغرب میں افغان فوج کے207ویں ظفر کور نے بتایا کہ شہر کے اندر اور باہر نیز فراہ کے مضافات میں طالبان کو کچلا اور بھگایا جا چکا ہے۔ذریعہ نے مزید بتایا کہ اس فوجی کارروائی میں عام شہریوں کو کوئی گزند نہیں پہنچی اور نہ ہی کسی سرکاری بنیادی ڈھانچہ یا کمپاؤنڈکو کوئی نقصان پہنچا۔

چیف ایکزیکٹیوکے ترجمان جاوید فیصل نے بھی اس امر کی تصدیق کر دی انتہاپسندوں کو شہر سے پوری طرح نکال باہر کیا جاچکا ہے۔صوبائی گورنر عبد البصیر سالنگی نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کو بدھ کو علی الصباح شہر سے مار بھگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے خلاف اس کارروائی کے دوران دونوں طرف سے فائرنگ بھی ہوئی جس میں سلامتی دستوں کے کچھ اہلکاروں سمیت کم از کم20افراد ہلاک ہو گئے۔فراہ کے گورنر نے کہا کہ فراہ شہر پر حملہ میں دیگر صوبوں بشمول ہلمند سے بھی طالبان انتہاپسند تازہ کمک کے طور پر شامل ہو گئے۔

Title: farah city cleared of taliban militants | In Category: دنیا  ( world )

Leave a Reply