چین این ایس جی میں ہند کی مکمل رکنیت دلانے کے امکانات پرتبادلہ خیال کرنے کا خواہاں

چین این ایس جی میں ہند کی مکمل رکنیت دلانے کے امکانات پرتبادلہ خیال کرنے کا خواہاں
بیجنگ: ہندوستان میں برکس سربراہ کانفرنس کے انعقاد سے پہلے خوشگوار فضا قائم کرنے کے لیے چین نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کو نیوکلیائی سپلائر گروپ(این ایس جی) کی مکمل رکنیت دلانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنے کا خواہاں ہے۔
گذشتہ ماہ ہندوستان نے کہا تھا کہ اس نے غیر فوجی ایٹمی ٹکنالوجی کی تجارت کرنے والے48ملکوں کے گروپ این ایس جی میں شمولیت اختیار کرنے کی کوشش میں چین کے ساتھ اہم مذاکرات کیے تھے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹر کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی این ایس جی کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ ہندستان میں روس ، امریکا اور فرانس کی شراکت سے اربوں ڈالر کے نیوکلیئر پاور پلانٹس تعمیر کیے جاسکیں اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آلودگی پھیلانے والے ذرائع پر انحصار کم کیا جاسکے۔
اب تک ہندستان کی این ایس جی میں شمولیت کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی کیوں کہ 48 رکنی گروپ میں چین اس کی شمولیت کا مخالف ہے اور قانون کے مطابق این ایس جی میں کسی بھی نئے رکن کی شمولیت کے لیے ضروری ہے کہ تمام ارکان اس پر متفق ہوں۔