چین کے صوبے شن جیانگ کے مسلمانوں کو مذہبی امور انجام دینے کی پیشگی اطلاع دینے کی ہدایت

چین کے صوبے شن جیانگ کے مسلمانوں کو مذہبی امور انجام دینے کی پیشگی اطلاع دینے کی ہدایت
بیجنگ:چین نے مسلم اکثریتی شن جیانگ صوبے کے حکام کو تمام مذہبی سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی ہدایت دی ہے۔ ’گلوبل ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق، شمال مغربی چین کے شن جیانگ یغور خود مختار علاقے کے کچھ حصوں میں لوگوں کی مذہبی سرگرمیوں کے بارے میں مقامی کمیٹیوں کو اطلاع دینے کی ضرورت کو اب پورے علاقے میں نافذ کر دیا جائے گا۔
’پارٹی اسکول آف کمیونسٹ پارٹی آف چائنا، شن جیانگ‘ علاقائی کمیٹی کے پروفیسر لا ڈشیگ نے کہا کہ شن جیانگ نے ستمبر سے مذہبی رسم و رواج کے انتظام کے لئے مذہبی کمیٹیاں اور رہائشی کمیونٹی بنائے ہیں۔ اس کے تحت مقامی لوگوں کو ختنہ، شادی اور جنازہ جیسے مذہبی امور کے بارے میں اطلاع دینی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجرباتی طور پر شن جیانگ کے کچھ حصوں میں اس پالیسی کو لاگو کیا گیا ہے اور مستقبل قریب میں اسے پورے علاقے میں نافذ کیا جائے گا۔