کیوبک سیٹی مسجد پرحملہ’مسلمانوں پر دہشت گردانہ حملہ ہے :وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو

کیوبک سیٹی :کل عشا کی نماز کے دوران کیوبک سیٹی مسجد پر مسلح حملہ آوروں نے گولیاں برساکر چھ لوگوں کو ہلاک اور آٹھ کو زخمی کر دیا۔ کناڈاکے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس حملے کو ’مسلمانوں پر دہشت گردانہ حملہ‘ قرار دے دیا ہے۔ رائٹر نے کناڈا کی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں دو مشتبہ لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس کارروائی کے محرکات کیا تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق اتوار کی رات عبادت کے دوران تین حملہ آوروں نے یہ کارروائی سر انجام دی تاہم پولیس کے مطابق اس حملے میں دو افراد ملوث تھے۔ کیوبک سٹی کے اسلامک کلچر سینٹر پر جب یہ حملہ کیا گیا تو اس وقت وہاں تقریبا چالیس افراد عبادت کر رہے تھے۔ کیوبک پولیس کے صوبائی ترجمان نے چھ لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، جن کی عمریں 35 اور ستر برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ 39 محفوظ رہے۔ کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی کو ’مسلمانوں کے خلاف ایک دہشت گردانہ حملہ‘ قرار دے دیا ہے۔ ٹروڈو کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں مزید کہا گیا، ”کناڈا کے مسلمان اس ملک کے معاشرے کا ایک اہم جزو ہیں۔
ہمارے ملک، شہروں اور برادریوں میں اس طرح کی بد اعمالیوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔“ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب ٹروڈو نے کہا کہ ان کا ملک مہاجرین کو پناہ دے گا۔ وزیر اعظم نے یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مہاجرین کو امریکا بسانے کا پروگرام معطل کرنے اور سات مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا آنے پر پابندی عائد کرنے کے بعد دیا تھا۔
کناڈا کے فیڈرل لبرل قانون ساز گریگ فرگوس نے بھی کیوبک میں واقع مسجد میں حملے کو ایک دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا۔ ”یہ ایک دہشت گردانہ عمل تھا۔‘ ادھر امریکی شہر نیو یارک کے میئر نے کہا ہے کہ شہر کی مساجد کے تحفظ کے لیے سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا، ”نیو یارک کے تمام شہری چوکنا رہیں۔ اگر آپ کچھ دیکھیںیا محسوس کریں تو فوری طور پر مطلع کریں۔

Title: canadian pm says mosque shooting a terrorist attack on muslims | In Category: دنیا  ( world )

Leave a Reply