کناڈاپولیس کے ہاتھوں ہلاک ڈرائیو ر کم سنی میں ہی مسلمان ہوگیا تھا

ٹورنٹو: کناڈائی پولیس نے بدھ کے روز جس شخص کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے ہلاک کیا تھا اس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ کم سنی میں ہی مسلمان ہوگیا تھا اور مبینہ طور سے حملہ کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) کی کھل کر حمایت کرنے کی وجہ سے وہ حکام کی نظر میں آگیا تھا۔
25 سالہ ڈرائیور دسمبر 2014 سے ہی پولیس کی نظر میں تھا اسے سوشل میڈیا پر جنگجو گروپ داعش کی کھلے عام حمایت کرنے کی وجہ سے 2015 میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اس نے کناڈا کے میڈیا میں کہا تھا کہ اسکے خیال میں کناڈا اور اس کے اتحادیوں کو داعش کے خلاف اپنی جنگ کا خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔اس نے پچھلے برس ٹی وی پر کہا تھا کہ اگر کوئی ملک کسی دوسرے ملک یا دوسرے لوگوں یا دوسرے فرقہ کے خلاف جنگ کرتا ہے تو پھر انہیں یہ توقع رکھنی چاہئے کہ ان کے خلاف بھی کچھ ہوسکتا ہے اور اگر کچھ ہوتا ہے تو انہیں تعجب نہیں ہونا چاہئے۔ اس کی پہل کی ہے اور جو کچھ ہوگا وہ اس کے مستحق ہیں۔ اس کے سابق وکیل لیونارڈ ٹیلر نے کہا کہ انہیں پولیس کی اس رپورٹ پر بہت تعجب ہوا ہے کہ وہ کناڈا کے کسی بڑے شہر میں ہجوم کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور پکا مسلمان تھا اور بہت چپ چاپ رہتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس نے بہت مشکل زندگی گزاری تھی جب وہ سات سال کا تھا تو اس کی ماں مرگئی تھی اور وہ اپنے والد سے بھی علاحدہ رہا کیونکہ وہ فوج میں تھے۔ وہ اپنی ماں کی موت کے لئے والد کو موردالزام ٹھہراتا تھا۔ اس کے ان کے ساتھ تعلقات تلخ تھے۔ بعد میں اس نے عیسائیت ترک کرکے مذہب اسلام اختیار کرلیا تھا۔ اسے بہت سے مسائل کا سامنا تھا۔ اس نے 2014 میں مسجد میں جمعہ کی نماز پڑھنا شروع کی مگر وہ تاخیر سے آتا تھا اور جلد چلا جاتا تھا۔.وہ لوگوں سے گھل مل کر نہیں رہتا تھا۔ وہ تنہائی پسند تھا اس کا کوئی دوست بھی نہیں تھا۔ اس کے علاقہ ونی پیگ کے بہت سے مسلمان ڈرائیور کی آن لائن کی گئی باتوں کو پسند نہیں کرتے تھے خصوصاً جن میں داعش اور دوسرے جنگجو گروپوں کی تعریف کی گئی تھی۔
اس سال ڈرائیور اپنی بہن کے ساتھ رہنے کے لئے دوسری جگہ منتقل ہوگیا تھا اپنے باپ سے وہ اب بھی ناراض تھا۔ ڈرائیور کے والد وائن ڈرائیور نے کہا کہ اسے اپنے بیٹے کی موت کا دکھ ہے مگر تعجب نہیں ہے۔ وہ داعش کی حمایت میں غیر معمولی حد تک چلا گیا تھا۔کاش پولیس اس کی ذہنی تربیت کرتی۔ انہوں نے کہا ”میں تو عرصہ پہلے ہی اسے کھو چکا تھا مگر میں اس سے مایوس نہیں تھا اب تو اس کی زندگی ہی ختم ہوگئی ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Canadian killed by police converted to islam after troubled childhood in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply