برطانیہ کے شہر مانچیسٹر میں دھماکہ ،22 ہلاک

مانچیسٹر: (رائٹر) برطانیہ کے شمالی شہر مانچیسٹر میں امریکی گلوکارہ ایریاناگرینڈے کے ایک پروگرام کے دوران ہوئے بم دھماکہ میں 22 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ مانچیسٹرپولیس نے ٹوئیٹ کرکے بتایا کہ اس بم دھماکہ میں 22 افراد کے ہلاک اور 50 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق انھوں نے ایک زور دار آواز سنی۔ گریٹر مانچیسٹر پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انھیں شب دس بجکر 35 منٹ پر امریکی سنگر ایریانا گرینڈے کے کنسرٹ کے مقام سے دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی۔ غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق دو نامعلوم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ خودکش بمبار نے کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کنسرٹ کے مقام کے بیرونی طرف ہوا۔ جائےوقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ قریبی ٹرین ا سٹیشن، مانچیسٹر وکٹوریہ ا سٹیشن بند کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق حکام اس واقعے کو ممکنہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کے بعد مقامی وقت کے مطابق شب ایک بجکر 32 منٹ پر کیتھڈرل گارڈن میں ایک کنٹرولڈ دھماکہ بھی کیا تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ وہاں کوئی مشتبہ چیز موجود نہیں تھی۔وزیراعظم ٹریزامے نے اس کارروائی کو قابل نفرت قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے انپی انتخابی مہم کو بھی معطل کر دیا ہے۔ کنسرٹ میں امریکی گلوکارہ ایریانا گرینڈے اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔ ان کے ترجمان کے مطابق وہ خیریت سے ہیں۔
اس سے قبل عینی شاہدین نے کہا تھا کہ انھوں نے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں اور واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔ ایک عینی شاہد 22 سالہ روبرٹ ٹیمپکن نے بتایا کہ’ہر ایک چیخ رہا تھا اور بھاگ رہا تھا، فرش پر لوگوں کے کوٹ اور فون گرے ہوئے تھے۔ لوگوں نے ہر چیز پھینک دی۔‘ انھوں نے بتایا کہ کچھ لوگ چیخ رہے تھے کہ انھوں نے خون دیکھا ہے۔ تاہم دیگر کہہ رہے تھے غبارہ پھٹنے یا ا سپیکر کی زوردار آواز آئی ہے۔ روبرٹ کے مطابق ’وہاں بہت سی ایمبولنس تھیں۔
میں نے دیکھا کہ کسی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی۔ میں یہ نہیں بتا سکتا کہ اسے کیا ہوا تھا۔‘ اطلاعات کے مطابق کنسرٹ کے مقام پر 18000 افراد کی گنجائش ہے اور واقعہ کے وقت وہاں ہزاروں افراد موجود تھے جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ کل کتنے لوگوں کو ٹکٹ ملا تھا۔ ایک اور عینی شاہد اینڈی ہولے جو کہ اپنی بیوی اور بیٹی کو لینے کے لیے وہاں پہنچے تھے نے بتایا کہ ’میں انتظار کر رہا تھا کہ دھماکہ ہو گیا جس کی وجہ سے میں ایک دروازے سے 30 فٹ دور تک جا گرا۔‘ راکیل نامی عینی شاہد نے بتایا کہ وہ مانچیسٹر ایرینا کے بلاک نمر 213 میں اپنی 14 سالہ بیٹی کے ہمراہ موجود تھیں۔
وہ کہتی ہیں کہ بھیٹر سے بچنے کے لیے انھوں نے کنسرٹ کے اختتام سے قبل ہی باہر نکلنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘جیسے ہی ہم باہر نکلے ہم نے ایک زور دار آواز سنی، پہلے تو ہم نے سوچا ہم نے کنسرٹ میں کچھ مِس کر دیا ہے، جیسے ہی ہم واپس پلٹے وہاں لوگوں کو ہجوم تھا جو اپنے قدموں پر گر رہے تھے لوگ فرش پر گرے ہوئے تھے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Attacker died in manchester concert blast children among 22 killed in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply