افغانستان میں13فوجیوں سمیت39افراد ہلاک متعدد زخمی

کابل: افغانستان میں گذشتہ24گھنٹے کے دوران دو مختلف وارداتوں میں کم از کم 39افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ یہاں موصول اطلا ع کے مطابق صوبہ ہلمند میں ایک خود کش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک گاڑی افغان انٹیلی جنس کے دفتر سے ٹکرا دی جس میں کم از کم 6افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔جبکہ سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان خونریز تصادم میں کم و بیش20طالبان دہشت گرد اور 13افغان فوجی ہلاک ہوئے۔ اس جھڑپ میں متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ اس تصادم کے دوران افغان فورسز نے طالبان کا مقامی دفتر بھی تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ہلمند میں انٹیلی جنس دفتر پر دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں تین انٹیلی جنس افسران بھی شامل ہیں۔
صوبائی گورنر کے ترجمان عمر زواک نے اس حملہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ تین انٹیلی جنس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔طالبان نے اس خود کش حملے کی جس میںہلمند کے واشیر ڈسٹرکٹ کے انٹیلی جنس ڈائریکٹر طور جان مارے گئے ہیں، ذمہ داری قبول کی ہے۔یاد رہے کہ ہمسایہ ملک افغانستان میں حالات دن بدن بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، کوئی دن ایسا نہیں گزرتا کہ جب وہاں دہشت گردانہ حملہ نہ ہوتا ہو۔ افغانستان میں امریکہ کے حملے سے لیکر آج تک ہزاروں غیر ملکی فوجی امن قائم کرنے کے بہانے مستقر ہیں لیکن دوسری جانب طالبان مضبوط ہوتے چلے جا رہے ہیں، اب نہ صرف طالبان بلکہ داعش نے بھی افغانستان میں اپنے پنجے گاڑنے شروع کر دیئے ہیں۔ غیر ملکی افواج دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے میں ناکام رہی ہیں۔

Title: at least 39 including 13 afghan soldiers killed in afghanistan | In Category: دنیا  ( world )

Leave a Reply