ترکی میں اتاترک ہوائی اڈے پر 3خود کش دھماکے و فائرنگ ،36ہلاک،150زخمی

استنبول:ترکی میں استنبول کے اتاترک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تین خود کش دھماکوں اور فائرنگ میں کم از کم36افراد ہلاک اور تقریباًڈیڑھ سو دیگر زخمی ہو گئے۔ ہلاک شدگان و زخمیوں میں غیر ملکی و پولس اہلکار بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم بن علی یلدرم نے جائے وقوعہ پہنچ کر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد ابھی تک جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) کی کارستانی ہے۔ تاہم انہون نے کہا اسی پر تکیہ کر کے نہیںبیٹھ جایا جائے گا بلکہ حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور ان کی شناخت جاننے کے لیے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ تین خود کش بمبار ایک ٹیکسی کیب میں بیٹھ کر ہوائی اڈے پہنچے اور خود کش دھماکے کرنے سے پہلے اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔اس سے پہلے استنبول کے گورنر واصف شاہین نے کہا تھا کہ اس حملے میں 28 افراد ہلاک اور تقریبا 60 زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکام سے ملی اطلاع کے مطابق تین خودکش حملہ آوروں نے اس حملے کو انجام دیا ہے۔ ترکی کے ایک افسر نے کہا کہ پولیس نے اتا ترک ہوائی اڈے میں داخل ہونے کے مقام پرقائم حفاظتی چوکی کے پاس دو خود کش بمباروں کو روکنے کے لئے فائرنگ کی لیکن دونوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ترکی کے صدر طیب ارودغان نے کہا کہ استنبول کے اہم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خود کش حملے میں معصوم و بے قصور لوگوں کو ہلاک کر کے ترکی کے خلاف غلط پروپیگنڈہ کرنے کی کوشش ہے“۔ مسٹر ارودغان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حملے کے پیش نظر دہشت گرد گروپوں کے خلاف دنیا ایک ”فیصلہ کن رخ“ اختیار کرے گی۔ حملے کے وقت داخلہ ہال میں اپنے ایک مہمان کے آنے کا انتظار کر نے والے علی واحد نے کہا ”یہ اتنا شدید دھماکہ تھا کہ چھت کا ایک حصہ ٹوٹ کر گرپڑا۔
ہوائی اڈے کے اندر کا نظارہ اتنا خوفناک ہے کہ آپ اسے پہچان نہیں سکتے، یہ بہت بڑا نقصان ہے“۔ یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے ہوا۔یہ دھماکہ اس سال ترکی کو دہلانے والے چار بڑئے دھماکوں میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز دھماکہ ہے۔اس سے قبلجو تین دھماکے ہوئے تھے ان میں سے دو کی ذمہ داری داعش اور ایک کی کرد باغیوں نے لی تھی۔اگرچہ ابھی تک کسی نے ذمہ داری نہیں لی ہے لیکن ابتدائی تفتیش داعش کے ملوث ہونے کے اشارے دے رہی ہے۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: At least 36 killed150 injured in suicide bomb and gun attack on istanbuls ataturk airport in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply