افغانستان نے پشاورمیں اپنا قونصل خانہ بند کر دیا

کابل:حکومت افغانستان نے پاکستانی سلامتی دستوں کے ذریعہ ہراساں اور بے عزت کیے جانے کے خلاف احتجاج میں پشاور میں اپنا قونصل خانہ بند کردیا۔رپورٹوںکے مطابق گذشتہ روز پشاور کے کینٹ علاقہ میں ایک چوکی پر قونصل جنرل کی کار کی تلاشی لیے جانے کے واقعہ کے بعدپشاور قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔
کہا جاتا ہے کہ یہ قونصل خانہ غیر معینہ مدت تک بند رہے گا۔اسی اثنا میں پاکستانی سلامتی افسران نے کہا کہ گاڑی میں سفارتی گاڑیوں کے لیے مخصوص پروٹوکول ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا تھا اور وہ ایک عام سی گاڑی محسوس ہو رہی تھی۔اسی لیے اسے روکا گیا تاکہ اس کی تلاشی لی جاسکے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیسزکریا نے کہاکہ انہیں اس واقعہ کا علم ہے اور متعلقہ حلقوں سے دستیاب اطلاعات موصول ہونے کے بعد وزارت خارجہ کوئی سرکاری بیان جاری کرے گی۔افغان سفارت کار کو ہراساں کرنا اور قونصل خانہ کو بند کیا جانا ایسے حالات میں ہوا ہے جب حالیہ ہفتوں میں کئی معاملات پر افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات نشیب و فراز سے گذر رہے ہیں۔
حال ہی میں پاکستانی فوج کو سرحد پرکانٹے دار باڑھ باندھنے سے افغان سرحدی فورسز کے ذریعہ روکے جانے کے بعد پاکستان کی جانب سے طورخم راستہ بند کرنے پر کشیدگی کچھ اور بڑھ گئی ہے۔

Title: afghanistan closes consulate in peshawar in protest over harassment | In Category: دنیا  ( world )

Leave a Reply