طالبان کی مسلسل دھمکیوں کے باعث افغانستان میں ریڈیو اسٹیشن کی نشریات بند

کابل:افغانستان کے غزنی صوبے میں طالبان کے مقامی کمانڈر کی جانب سے مبینہ طور پر مسلسل دھمکیوں کے بعد مقامی ریڈیو اسٹیشن نے اپنی نشریات بند کر دیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں واقع سما اسٹیشن کے ڈائریکٹر رمیز عظیمی نے کہا کہ انہیں طالبان کمانڈر کی جانب سے ٹیلی فونک اور تحریری دھمکیاں موصول ہوئیں تھیں۔تاہم افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سما اسٹیشن کو دھمکانے کا بیان مسترد کردیا۔

سما اسٹیشن کے ڈائریکٹر رمیز عظیمی نے بتایا کہ ریڈیو اسٹیشن 4 روز قبل بند کیا گیا ہے اور گزشتہ 4 سال میں تیسری مرتبہ بند ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزنی صو بے کے کئی اضلاع پر طالبان قابض ہیں اور انہوں نے اس لیے دھمکیاں دیں کیونکہ ریڈیو اسٹیشن میں کام کرنے والے 16 ملازمین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے ’ رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق نجی ریڈیو اسٹیشن 2013 سے غزنی میں سیاسی، مذہبی، سماجی اور تفریحی پروگرامز نشر کررہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ طالبان کی جانب سے ان کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ملٹری کمیشن نے خبردار کیا تھا کہ ریڈیو اسٹیشنز، ٹی وی چینلز اور دیگر میڈیا اداروں کے پاس طالبان مخالف بیانات نشریات بند کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ جو ادارے ایسی نشریات جاری رکھیں گے، جو مغرب کی حمایت یافتہ افغان حکومت کی مدد کر رہے ہیں، انہیں حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی کے دفتر کی جانب سے طالبان کی دھمکی کی مذمت کی گئی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ’ آزادی اظہار اور میڈیا اداروں پر حملے انسانی اور اسلامی اقدار کی خلاف ورزی ہے’۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Afghan radio station closes down following taliban threats in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.