اقوام متحدہ 2017 کو اسرائیلی قبضے سے آزادی کا سال قرار دے : محمود عباس

اقوام متحدہ:صدر فلسطین محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کل دوٹوک کہا کہ جو لوگ مسئلہ فلسطین کا ذو مملکتی حل چاہتے ہیں وہ صرف اسرائیل کو ہی نہیں بلکہ دونوں مملکتوں کو تسلیم کریں بصورت دیگر آئندہ سال فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے پچاس سال پورے ہونے کے موقع پر اقوام متحدہ 2017کو اسرائیلی قبضے سے آزادی کا سال قرار دیدے۔ محمود عباس نے عالمی رہنماؤں سے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ فلسطین کو ایک خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جائے موجودہ صورت حال کے پیش نظر برطانیہ سے کہا کہ وہ فلسطینی عوام سے بال فور اعلامیہ پر معافی مانگے جو فلسطینی سر زمین پر ایک یہودی ریاست کی قیام کی توثیق کرتا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 1917کے اس اعلامیے کی وجہ سے ہی فلسطینی عوام کو بڑے مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس بدنام زمانہ اعلامیے سے جس کے نفاذ کے 100 سال اگلے برس مکمل ہو رہے ہیں سبق سیکھنے کاموقع ملتا ہے۔“ ان کے بقول برطانیہ کو چاہیے کہ وہ اس کی تاریخی، قانونی، سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری قبول کرے اور فلسطینیوں سے ان پر ہونے والے ظلم اور نا انصافی کی معافی مانگے۔ عباس کے بقول اگلے برس فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو پچاس سال مکمل ہو جائیں گے اس وجہ سے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ 2017کو اسرائیلی قبضے سے آزادی کا سال قرار دے۔
انہوں نے اس موقع پر عالمی برادری سے درخواست کی کہ وہ ایک خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بڑھ چڑھ کر کوششیں کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کے قیام کے لیے وہ کھلے دل کے ساتھ ہر طرح سے تیار ہیں لیکن کیا اسرائیلی رہنما بھی ایسا ہی چاہتے ہیں؟ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں فلسطینیوں کی جانب سے یہودی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکارکو تنازعے کی بنیادی وجہ بتاتے ہوئے یہ استدلال کیا کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کبھی بھی فلسطینیوں اور اسرائیل کے مابین وجہ تنازعہ نہیں تھی۔” تنازعے کی بنیادی وجہ فلسطینیوں کی جانب سے یہودی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار ہے۔“ انہوں نے کہا کہ اس بابت اگر انہیں موقع دیا گیا تو وہ بخوشی رملہ میں فلسطینی پارلیمنٹ سے خطاب کرنا چاہیں گے۔ ان کے بقول مشرق وسطیٰ تنازعے کا بستیوں کی تعمیر سے کوئی تعلق نہ تھا اور نہ ہے۔اس موقع پر انہوں نے حیفہ، یافا اور تل ابیب سمیت تمام اسرائیلی شہروں کو حقیقی بستیاں قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کے پیچھے بھی پڑے ہیں۔

Read all Latest world news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from world and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Abbas to un declare 2017 year to end israel occupation in Urdu | In Category: دنیا World Urdu News

Leave a Reply