یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سریز جیت لی

دوبئی: ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں روز مردہ پچ پر صبح سے میچ کے اختتام تک تسلسل سے لیگ اسپن باؤلنگ کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے یاسر شاہ نے 6وکٹ لے کر پاکستان کو 133رنز کی شانداسرر فتح سے ہمکنار کر دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سریز میں2-0کی سبقت حاصل کر کے عملاً سریز جیت لی۔
تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ30اکتوبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں بھی چار وکٹ لیے تھے۔ اس طرح انہوں نے گذشتہ 6ٹیسٹ میچوں میں دس یا اس سے زائد وکٹ لینے کا کارنامہ دو بار انجام دیا ۔یاسر شاہ کا یہ18واں ٹیسٹ میچ ہے جس میں وہ112وکٹ لے چکے ہیں۔ویسٹ انڈیز نے 456کے ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں 322پر ہی حوصلہ ہا ر دیا۔ ویسٹ انڈیز کو اس شکست سے دوچار کرنے کے لیے آخری روز پاکستان نے جو 46اوورز کیے اس میں سے21اوور تنہا یاسر شاہ نے ہی کیے۔
جبکہ باقی 25اووروں کے لیے کپتان مصباح الحق نے سہیل خان، راحت علی، ذوالفقار بابر اور محمد نواز کی خدمات حاصل کیں۔ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز کی ناتمام اننگز کا آغاز بلیک ووڈ اور چیس کی جوڑی کے ساتھ کیا۔یہ وہی جوڑی تھی جس نے اگست میں جمائیکا میں ہندوستان کے خلاف میچ ڈرا کرانے میں نمایاں رول ادا کیا تھا۔ لیکن دس اووروں کے بعد ہی یاسر شاہ اس جوڑی کو جدا کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ 11اووروں کے بعد ہی یاسر نے بلیک ووڈ سے بھی ٹیم کو چھٹکارہ دلا دیا۔
جس وقت بلیک ووڈ آؤٹ ہوئے تو وہ اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری سے محض5رنز دور تھے۔ انہوں نے تین گھنٹے پسینہ بہا کر 127گیندوں کی اننگز میں ایک کم درجن بھر چوکوں کی مدد سے95رنز بنائے۔ 266کے اسکور پر کپتان ہو لڈر کو بھی جب یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھا دی تو میچ میں صرف اتنی دلچسپی رہ گئی تھی کہ ویسٹ انڈیز جیت کا فرق کس حد تک کم کر سکے گا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Yasir six for delivers series victory for pakistan in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply