یاسر شاہ وکٹوں کی تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے قریب

لاہور : لارڈز ٹسٹ میں10وکٹ لے کر لارڈز کے میدان میں کسی میچ میں 10وکٹ لینے والے واحد بولر کا اعزاز پانے والے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ پر قسمت کی دیوی ان دنوں خاصی مہربان ہے اور لارڈز ٹیسٹ میں دس وکٹوں کی فتح گر کاردگی کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بالرز کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر فائز ہو نے کے بعد وکٹوں کی تیز ترین سنچری بنانے کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔
اگر وہ آئندہ دو ٹسٹ میچوں میں 14 وکٹیں لے لیتے ہیں تو 15 ٹیسٹ میچوں میں 100 وکٹیں مکمل کر کے سب سے تیز ترین وکٹوں کی سنچری کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیں گے۔علاوہ ازیں یاسر شاہ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ٹسٹ کرکٹ کی 132سالہ تاریخ میں لارڈز کے میدان پر ایک میچ میں 10یا اس سے زائدوکٹ لینے والے وہ دوسرے لیگ اسپنر ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ انگلستان کے ڈوگ رائٹس نے 1947میں جنوبی افریقہ کے خلاف انجام دیا تھا۔ انہوں نے175رنز کے عوض10وکٹ لیے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیزی سے 100 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے جیورج الفریڈ لومین کے پاس ہے جنہوں نے 1896 میں 16 ٹیسٹ میچوں میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا تھا اور 120 سال گزر جانے کے باوجود ان کا یہ ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔پا کستان کی جانب ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ سعید اجمل کے پاس ہے جنہوں نے 19 ٹیسٹ میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا۔
اگریاسر اگلے دو ٹیسٹ میچوں میں 14 وکٹیں لے لیتے ہیں تو 15 ٹیسٹ میچوں میں 100 وکٹیں مکمل کر کے سب سے تیز ترین وکٹوں کی سنچری کا عالمی ریکارڈ بنا دیں گے۔ 2014 میں ڈیبیو کے بعد سے یاسر شاہ نے عالمی سطح پر انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف عمدہ بالنگ کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں سعید اجمل کی کمی کو بھی پورا کر کے راتوں رات اسٹار بن گئے۔
اس دوران مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے سبب ان پر تین ماہ کی پابندی عائد کی گئی لیکن غیرمتزلزل عزم کے حامل یاسر شاہ نے ہمت نہ ہاری اور لارڈز ٹیسٹ میں شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے دس وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Yasir shah on track for world record in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply