راولپنڈی : 17سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کی لگاتار اووروں میں دو وکٹ کی مدد سے پاکستان نے بنگلہ دیش کو دوسری اننگز میں محض168رنز پر آؤٹ کر کے پہلا ٹسٹ میچ ایک اننگز اور44رنز سے جیت لیا۔

بنگلہ دیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے212رنز بنانے تھے ۔اور نجم الحسین شانتو اور کپتان مومن الحق نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے اس کی امیدیں جگانا بھی شروع کر دیں ۔ان دونوں نے اسکور 124تک پہنچایا ہی تھا کہ نجم الحسن 87گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے38رنزبنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دے دیے گئے ۔

ابھی بنگلہ دیش اس زبردست جھٹکے سے سنبھلا بھی نہیں تھا کہ اگلی دو گیندوں پر نسیم شاہ نے تاج االسلام اور محمود اللہ کو پویلین کی راہ دکھا کر جہاں اپنے کیریر کی پہلی ہیٹ ٹرک کر ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر ہونے کااعزاز پایا وہیں پاکستان کو اننگز کی جیت کی خوشبو بھی سونگھا دی۔رہی سہی کسر یاسر شاہ اور محمد عباس نے پوری کر دی اور بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 168رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

مومن الحق نے 93گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے 41 اورتمیم اقبال نے 56گیندوں پر 34رنز بنائے جس میں ان کے چھ چوکے تھے۔ وکٹ کیپر لنٹن داس نے 59گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے29اورسیف نے 25گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے16رنز بنائے۔نسیم شاہ اور یاسر نے چار چار وکٹ لیے جبکہ محمد عباس اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ ملی۔نسیم شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ا س سے قبل پاکستان نے بابر اعظم اور شان مسعود کی سنچریوں اور حارث سہیل اور اسد شفیق کی ہاف سنچریوں کی مدد سے445رنز بنائے تھے۔بابر نے 193گیندوں کا سامنا کیا اور 18چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ143 شان مسعود نے 160گیندوں پر 11چوکوں کی مدد سے100 ،حارث سہیل نے 103گیندوں پر 7چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 75اور اسد شفیق نے 129گیندوں پر 9چوکوں کی مدد سے 65رنز بنائے۔روبیل حسن اور ابو زیاد نے 3,3اور تاج الاسلام نے دو وکٹ لیے۔ ایک وکٹ عبادت حسین کو ملی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *