دھونی کو ویوو ٹرافی ،ولیمسن کو اورینج اور اینڈریو ٹائے کو پرپل کیپ کے ساتھ آئی پی ایل 2018اختتام پذیر

ممبئی: چنئی سوپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو فائنل میں سن رائزرز حیدر آباد کو 8وکٹ سے ہرانے پر ویوو ٹرافی، سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان کین ولیمسن کو اس آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر اورنج کیپ اور کنگز الیون پنجاب کے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائے کو سب سے زیادہ وکٹ لینے پر پرپل کیپ سے سرفراز کیے جانے کے ساتھ ہی آئی پی ایل2018اختتام پذیر ہو گیا۔مجموعی اعتبار سے دیکھا جا ئے توفائنل میچ کو شین واٹسن نے سیزن کے سب سے بڑے میچ میں شاندار سنچری بنا کر تنہا اپنے بل پر چنئی کو تیسری بار”کنگ آف سوپر کنگز“ ثابت کر دیا۔شین واٹسن نے 117رنز کی اننگز کھیلی ۔

اور ان کی اس سنچری سے ہی سن رائزرز غروب ہو گئے۔179کے ہدف کے تعاقب میں جب پاور پلے کے 6اووروں میں چنئی کی ٹیم فاف ڈوپلیسس کی وکٹ گنوانے کے ساتھ ساتھ محض34رنز ہی بنا سکی تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ٹرافی ایک بار پھر حیدرآباد کی سیر پر روانہ ہوجائے گی۔لیکن ساتویں اوور سے واٹسن نے سن رائزرز کے بولروں کی خبر لینا شروع کر دی اور سوائے بھونیشور کمار اور افغان لیگ اسپنر رشید خان کے سن رائزرز کاکوئی بلے باز خود کو واٹسن اور سریش رینا کے عتاب سے نہ بچا سکا۔

اور ایسا محسوس ہونے لگا کہ یہ دونوں بلے باز ہدف پار کیے بغیر پیچھا نہ چھوڑیں گے۔لیکن برتھ ویٹ نے سریش رینا کو ان کے انفرادی اسکور 32رنز پر انہیں آو¿ٹ کر کے خطرناک رخ اختیار کرتی جارہی یہ پارٹنر شپ توڑ دی۔لیکن اس وقت تک رینا 24گیندوں پر 3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے32رنز اور واٹسن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 57گیندوں پر 117رنز بنا کرٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا چکے تھے۔حسن اتفاق سے واٹسن نے بھی اتنی ہی گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے۔

واٹسن نے اپنی 57گیندوں پر117رنز کی اننگز میں11چوکے اور 8چھکے لگائے۔اس سے قبل سن رائزرز حیدر آباد نے ولیمسن کی پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے36گیندوں پر47،یوسف پٹھان کی چار چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ25بالوں پر 45، شکیب الھسن کی15گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ23اور برتھ ویٹ کی11گیندوںپر تین چھکوں کے ساتھ21رنز کی بدولت چھ وکٹ پر178رنزبنائے۔چنئی کی طرف سے سوائے چاہر کے تمام بولرز نے ایک ایک وکٹ لی۔ مین آف دی میچ ایوارڈ کا مستحق واٹسن کو قرا ر دیا گیا۔

واٹسن ،دھونی، ولیمسن اور ٹائے کے علاوہ دہلی ڈیر ڈیولز کے رشبھ پنت کو اسٹائلش کھلاڑی، رشبھ پنت کو ہی ابھرتے کھلاڑی،پرفکٹ کیچ کا ایوارڈ دہلی ڈیر ڈیولز کے ہی ٹرینٹ بولٹ کو،کے کے آر کے سنیل نرائن کو سوپر اسٹرائیکر ،سنیل نرائن کو ہی بیش قیمت کھلاڑی اور ممبئی انڈئینز کوفئیر پلے ٹیم کے ایوراڈ سے سرفراز کیا گیا۔

Title: watsons century helps csk lift ipl 2018 trophy | In Category: کھیل  ( sports )

Leave a Reply