اینڈرسن اور اسٹوکس کی واپسی پاکستان کو مشکلات میں ڈال سکتی ہے: اکرم

لاہور:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر وسیم اکرم نے اپنی قومی ٹیم کو دوسرے میچ میں متحد ہوکر کھیلنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس کی واپسی سے انگلینڈ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور یہ دونوں کھلاڑی فرق ثابت ہو سکتے ہیں۔ وسیم اکرم نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اگلے میچ میں زیادہ محتاط اور متحد ہوکر کھیلنا ہوگا کیونکہ انگلینڈ اگلے میچوں میں واپسی کرسکتا ہے۔
انگلینڈ نے سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کے ہاتھوں 75 رنز کی شکست کے بعد تجربہ فاسٹ بالر جیمز اینڈرسن، آل راؤنڈر بین اسٹوکس اور لیگ اسپنر عادل رشید کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا ہے ۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹیم میں ثقلین مشتاق کی موجودگی سے واضح فرق پڑے گا کیونکہ وہ پاکستانی ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں سے واقف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق انگلش بلے بازوں کو خصوصاً یاسر شاہ کو قابو کرنے کے گر بتائیں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کو کہاں پر اور کیسے قابو کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ ٹیم کی اسپن بالنگ میں بہترین اضافہ ہیں اور انگلش ٹیم یاسر شاہ پر نظر رکھے گی۔یاسر شاہ نے لارڈز میں سیریز کے پہلے میچ میں فتح گر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کی تھیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے جبکہ ٹیسٹ کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آگئے تھے۔ یاسر 20 سال بعد آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں سابق کپتان نے کہا کہ کوچز مددگار ہوں گے لیکن میدان میں کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانی ہے اور پاکستان کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ انگلینڈ کی ٹیم سیریز کو برابر کرنے کے لیے اپنی پوری کوششیں کرے گی۔
انھوں نے اپنے تجزیے کے دوران بتایا کہ انگلینڈ اسپن بالنگ کے اثر کو زائل کرنے کے لیے ہوسکتا ہے کہ سیمنگ وکٹیں بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ وکٹ باؤنسی ہوگی تو انگلینڈ ٹیم، پاکستانی بیٹنگ کی خامیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدائی وکٹیں حاصل کرسکتی ہے۔ وسیم اکرم نے امید کا اظہار کیا کہ اگر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تو ابتدا میں ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرے گا۔پاکستان اور انگلینڈ 22 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ میں دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گے۔( یو این آئی )

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Wasim stokes and anderson will boost england in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply