شردل ٹھاکر اور منیش پانڈے کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کو6وکٹ سے ہرایا

کولمبو: فاسٹ بولر شردل ٹھاکر کی تباہ کن بولنگ اور منیش پانڈے و وکٹ کیپر دنیش کارتک کی طوفانی اننگز اور ان دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 68رنز کی ناقابل شکست رفاقت کی مدد سے ٹیم انڈیا نے میزبان سری لنکا کو 6وکٹ سے شکست دے کر نداہاس ٹونٹی20کے فائنل میں داخلے کے امکانات روشن رکھے۔
بارش سے متاثرہ میچ میں جسے19اووروں کا کر دیا گیا تھا،153رنز ہدف کے تعاقب میں اگرچہ محض22رنز پر ہی ٹیم انڈیا دونوں افتتاحی بلے بازوں سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی لیکن سریش رینا اور لوکیش راہل نے اعصاب مجتمع رکھتے ہوئے رنز بنانے کی وہی رفتار برقرار رکھی جس سے دونوں افتتاحی بلے باز روہت شرما اور شیکھر دھون رنز بنا رہے تھے۔ 85اسکور ہونے تک رینا اور راہل دونوں پویلین جا چکے تھے۔لیکن اس وقت تک یہ دونوں بلے باز اپنی ذمہ داری نبھا کر ٹیم انڈیا کو فتح کی راہ پر ڈال چکے تھے۔
رینا نے 15گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے27اور راہل نے17گیندوں پر 18رنز بنائے جس میں ایک چوکا شامل ہے۔منیش پانڈے 31بالوں پر 3چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ42اور کاتک 25گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے 39رنز بنا کرغیر مفتوح رہے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر ہندوستان نے پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 9وکٹ پر152پر ہی روک دیا۔بی کے مینڈس 38گیندوں پر 3چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے55رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اپل تھرنگا نے 24بالوں پر 22اور شناکا نے 16گیندوں پر ایک چوکااور ایک چھکا لگا کر 19رنز بنائے۔ سری لنکا کی اننگز میں تباہی مچانے والے فاسٹ بولر شردل ٹھاکر 4وکٹ لے کرمین آف دی میچ بنے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Thakur and pandey fashion indias victory in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply