بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سریز 2-1سے جیت لی،تمیم اقبال مین آف دی سریز

سینٹ کٹ:کرس گیل اور ریکارڈو پاویل کی جارحانہ بلے بازی اور ان دونوں اور وکٹ کیپر بلے باز ہوپ کی شاندار ہاف سنچریوں کے باوجود 18رنز ےس ہار کر ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سریز بھی2-1سے گنوادی۔

302کے تعاقب میں اگرچہ ویسٹ انڈیز کرس گیل کی 66گیندوں پر چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی انفرادی اننگزاور لوئیس کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے53اور پھر ہوپس کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 52رنز کی شراکت کے باوجود مقررہ اووروں کے پہلے نصف میں دو وکٹ کے نقصان پر صرف117رنز ہی بنا کر ہدف سے میلوں دور ڈھیر ہوجانے کی حالت میں آگیا تھا لیکن ریکارڈو پاویل نے میدان میں اترتے ہی بنگلہ دیشی بولروں کی خبر لینا شروع کردیا اور تابڑ توڑ حملے کر کے ویسٹ انڈیز کے ہدف کے قریب پہنچنے کا امکانات روشن کر دیے۔

لیکن 44ویں اوور میں ہوپ کے آؤٹ ہونے سے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کی رفتار سست پڑ گئی ۔اکیلا چنا بھاڑ نہیں پھوڑ سکتا کے مصداق ریکارڈو پاویل بھی حوصلہ ہار گئے۔حالانکہ ان کے تیور اتنے خطرناک تھے اور جیت کے اس قد ر بھوکے نظر آرہے تھے کہ جب آخری اوو ر میں جیت کے لیے28رنز کی ضرورت تھی تب بھی انہوں نے اوسان خطا نہیں ہونے دیے اور فاسٹ بولر مستفیض کی پہلی ہی گیند کو لانگ آن کے اوپر سے مار کر چھ رنز کا اضافہ کیا۔

لیکن اگلی ہی گیند پر صرف ایک رن ہی بن سکا اور کہانی الٹے پیروں چل پڑی کیونکہ پاویل دوسرے اینڈ پر کھرے ہو کر سوائے دیکھا کیے کہ کچھ نہ کر سکتے تھے اور ویسٹ انڈیز مقررہ اوروں میں 6وکٹ پر صرف 283رنزہی بنا سکی۔ اس سے قبل افتتاحی بلے با زتمیم اقبال کی شاندار سنچری اور شکیب الحسن کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 81رنز کی رفاقت کے علاوہ آل راؤنڈر محمود اللہ کی 49گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ67رنز کی طوفانی اننگز کی مدد سے بنگلہ دیش نے 6وکٹ پر 301رنز بنائے۔

تمیم اقبال نے 124گیندوں کا سامنا کیا اور7چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ103اور شکیب الحسن نے 44گیندوںپر37رنز بنائے۔ جس کے لیے انہوں نے 3چوکے لگائے۔ کپتان مشرف مرتضیٰ نے 25گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 36رنز بنا کرمحمود اللہ کے ساتھ مل کر صرف 42گیندوں پر53رنز بنا کر ٹیم کو 300کا ہندسہ پار کرانے میں زبردست تعاون دیا۔ تمیم اقبال کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سریز قرا دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Tamim mahmudullah set up series win for bangladesh in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment