سلہٹ(بنگلہ دیش): ایک سنسنی خیز سخت مقابلہ کے بعد بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 4رنز سے شکست دے کر تین ون ڈے میچوںکی سریز میں 2-0کی سبقت سے سریز اپنے نام کر لی۔

اگرچہ افتتاحی بلے باز تمیم اقبال کی 158رنز کی شاندار اننگز اور مشفق رحیم کی ہاف سنچری کے بعد محمد متھن کی 32رنز کی طوفانی اننگز کی مدد سے بنگلہ دیش نے مقررہ50 اووروں میں8وکٹ پر 322رنز بنا کر زمبابوے کو زبردست چیلنج دیا تھا جسے 42اووروں کے اختتام پر پورا کرنا زمبابوے کے بس سے باہر نظر آنے لگا تھا ۔کیونکہ ابھی اسکور225ہی تھا کہ سکندر رضا 57گیندوں پر 5چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے66رنز بنا کر کپتان مشرف مرتضیٰ کا شکار بن گئے۔

میچ پوری طرح سے بنگلہ دیش کی گرفت میں نظر آرہا تھا۔ زمبابوے کو 323کا ہدف پار کرنے میں ابھی مزید98رنز درکار تھے اور صرف 49گیندیں اور تین وکٹ باقی تھے۔لیکن موتوم بوڈزی اور ڈونالڈ ڑٹریپانو نے بنگلہ دیشی بولروں کی ایسی خبر لینا شروع کی کہ الاماں و الحفیظ۔موتوم بودزی نے فیلڈروں کو ہلنے اور ہلنے کی صورت میں دوڑنے کا بھی موقع دیے بغیر چوکوں کی اور ٹریپانو نے چھکوں کی ایسی بارش کی کہ زمبابوے ہدف کے قریب پہنچتا نظر آنے لگا۔ لیکن 305مجموعے پر امین الحسن نے موتوم بودزی کے لیے بچھائے جال میں پھنسا کر بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضیٰ اور ان کئے لڑکوں کو جن کے ہاتھ پیر پھول گئے تھے راحت کا سانس لینے کا موقع دیا ۔

موتو بودزی نے لمبی ہٹ لگانے کی کوشش کی لیکن امین کی سلو گیند پوری طرح سے ان کے بلے پر نہ آسکی اور لانگ آن پر لیٹن داس نے ان کی 21گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے 34رنز کی اننگز اور زمبابوے کی جیت کی امید ختم کر دی۔ کیونکہ اب 18رنز کی ضرورت تھی اور صرف 4گیندیں باقی تھیں۔لیکن ٹریپانو نے، جو اس دوران اسٹرائیک پر آگئے تھے، ہمت نہیں ہاری اور ٹیم کی جیت کی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے تابڑ توڑ حملے جاری رکھتے ہوئے اگلی لگاتار گیندوں پر چھکے لگا کر زمبابوے کو ہدف کے نہایت نزدیک اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے دل حلق میں کر دیے ۔

لیکن امین الحسن نے اپنے اوسان بحال رکھے اور لگاتار گیندوں پر دو چھکے لگتے دیکھ کر بھی حوصلہ نہ ہارے اور اگلی اور آخری دونوں گیند وں کا حشر برا نہ ہونے دیا اور صرف ایک رن دے کر بنگلہ دیش کے بوکھلاہٹ زدہ خیمے میں خوشیوں کے رنگ بکھیر دیے۔ٹریپانو 28گیندوں پر دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے55رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ زمبابوے کی جانب سے مدھیویرے نے57گیندوں پر پانچ چوکوں کے ساتھ52اور افتتاحی بلے باز کمون کھوامے نے 70گیندوں پر 5چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ51رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تاج الاسلام نے تین وکٹ لیے جبکہ مرتضیٰ، شفیع الاسلام،مہدی حسن اور امین الحسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

تمیم اقبال کو ان کی 136گیندوں پر 20چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ158رنز کی اننگز کے باعث مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مشفق رحیم نے 50گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے55،محمود اللہ نے57بالوں پر تین چوکوں کے ساتھ41اور متھن نے 18گیندوں پر 3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے32رنز بنائے۔زمبابوے کی جان بسے کارل مومبا اور ٹریپانو نے دو دو اور کارلٹن شوما اور مدھیویرے نے ایک ایک وکٹ لی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *