بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کی نذر ہو جانے سے آسٹریلیا کی مشکلات بڑھیں

لندن: بنگلہ دیش کو182کے معمولی اسکور پر آوٹ کرنے کے بعد اسے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے اپنی جگہ پکی کرنے کی آسٹریلیا کی امیدوں کے چراغ اس وقت بجھ گئے جب آسٹریلیا کی اننگز بارش کی نذر ہو گئی اور امپائروں نے میچ منسوخ کر کے دونوں ٹیموں میں پوائنٹس تقسیم کر دیے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی گروپ اے میںعالمی چیمپئن آسٹریلیا کا یہ مسلسل دوسرا میچ بارش کی نذر ہو ا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ میچ میں بارش نے آسٹریلیا کو شکست سے بچا لیا تھا لیکن اس بار بارش نے آسٹریلیا کی جیت کی امیدوں پر پانی ہی پھیر دیا۔ آسٹریلیا کے دو میچوں سے اب دو پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کا دو میچوں میں ایک پوائنٹ ہے۔ آسٹریلیا کو اپنا آخری گروپ میچ انگلینڈ سے کھیلنا ہے جبکہ بنگلہ دیش کا آخری گروپ میچ نیوزی لینڈ سے ہونا ہے۔ بنگلہ دیش نے اپنا پہلا میچ انگلینڈ سے گنوایا تھا۔ آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 44.3 اوور میں 182 رن پر ڈھیر کرنے کے بعد 16 اوور میں ایک وکٹ پر 83 رن بنا لئے تھے کہ بارش ہونے کی وجہ سے کھیل ممکن نہیں ہو پایا اوربالآخر میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ آسٹریلیا کی اننگز میں اگر 20 اوور ہو جاتے تو وہ یہ میچ جیت سکتا تھا۔ لیکن مسلسل بارش نے گراؤنڈمین کوکور ہٹانے کا موقع ہی نہیں دیا۔آسٹریلیا کی اننگز میں آرون فنچ 19 رن بنا کر روبیل حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
ڈیوڈ وارنر 40 اور کپتان اسٹیون اسمتھ 22 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کو اب سیمی فائنل میں داخلے کے لئے انگلینڈ سے اپنا آخری میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کے پاس ایک پوائنٹس کے ساتھ امید کی ہلکی سی کرن ہے۔ لیکن ابھی اسے انگلینڈ۔نیوزی لینڈ کے میچ کے نتائج کا انتظار کرنا پڑے گا۔اس سے قبل اوپنر تمیم اقبال کی 95 رن کی اننگز کے باوجود بنگلہ دیش کی ٹیم 44.3 اوور میں 182 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن تمیم کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز وکٹ پر ٹکنے کی ہمت نہیں دکھا پایا۔ تمیم نے 114 گیندوں پر 95 رن کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔تمیم نے گزشتہ میچ میں بھی انگلینڈ کے خلاف 128 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ وہ مسلسل دوسری سنچری بنانے سے محض پانچ رن سے رہ گئے۔ تمیم ساتویں بلے باز کے طور پر 181 کے اسکور پر آوٹ ہوئے اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی بنگلہ دیش کی اننگز 182 رن پر سمٹ گئی۔شکیب الحسن اور مہدی حسن معراج دہائی کے عدد تک پہنچنے والے دو دیگر بلے باز رہے۔ ثاقب نے 29 اور میراج نے 14 رن بنائے۔تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے بنگلہ دیش کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔ اسٹارک نے 29 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ اسٹارک نے 43 ویں اوور میں چار گیندوں کے وقفے میں تمیم سمیت تین وکٹ لے کر بنگلہ دیش کا شیرازہ بکھیر دیا۔ آدم جمپا نے 13 رن پر دو وکٹ لئے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: So close but rain denies australia in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply