ہندوستان نے نیو زی لینڈ سے سریز جیت کرپاکستان سے پہلی پوزیشن چھین لی

کولکاتا: فاسٹ بولر محمد شامی نے جیسے ہی اپنے کیوی ہم منصب ٹی بولٹ کو باؤنسر کھیلنے پر مجبور کر کے سلپ اور تھرڈ مین کے درمیان مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا پوری ہندوستانی ٹیم اور اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ شوقین خوشی سے بے قابو ہو گئے کیونکہ اس وکٹ کے گرتے ہی ہندوستان نیوزی لینڈ سے نہ صرف سریز 2-0سے جیت گیا بلکہ آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کو پہلی پوزیشن سے بے دخل کر کے خود نمبر ون پر بھی فائز ہو گیا۔
اگرچہ 339رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 103رنز بنا کر نیوزی لینڈ کافی بہتر پوزیشن میں نظر آرہی تھی لیکن جوں جوں وقت گذرتا گیا ہندوستان کا فاسٹ و اسپن جال کیوی ٹیم کے ارد گرد تنگ ہوتا گیا اور فاسٹ و اسپن باؤلنگ کے ملے جلے حملہ سے کیوی بلے ز گپتل اور نکولس کو وکٹ بچانے کے لیے ہی نہیں بلکہ رنز بنانے میں بھی دقت محسوس ہونے لگی اور ابھی ان دونوں کی جوڑی نے،جو دوسرے وکٹ کے لیے48رنز جوڑ چکی تھی ، ہاف سنچری پارٹنر شپ بھی پوری نہیں کی تھی کہ لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے نکولس کو پویلین کی راہ دکھا دی۔دوسرے اینڈ سے وکٹ گرتے رہے لیکن افتتاحی بلے باز لیتھم اپنی جگہ ثابت قدم رہے اور ہدف کے تعاقب میں لگے رہے۔ مگر وہ بھی آخر کب تک فاسٹ اور اسپن اٹیک کو جھیلتے رہتے۔
آخر 141کے اسکور پر وہ بھی حوصلہ ہار بیٹھے اور آف اسپنر اشون نے انہیں وکٹ کیپر ساہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر دیا۔ لیتھم نے 148گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے74رنز بنائے۔ لیتھم کیا آؤٹ ہوئے پھر تو جھڑی سی لگ گئی اور شامی، اشون اور جڈیجہ نے اپنی تباہ کن باؤلنگ سے کیوی بلے بازوں کو آیا رام گیا رام کی گردان کرنے پر مجبور کر دیا۔نیوزی لینڈ کی طرف سے لیتھم کے علاوہ دوسرے نمایاں بلے باز رونچی رہے جنہوں نے 60گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے32رنز بنائے۔
گپتل اور نکولس نے چوبیس چوبیس رنز بنائے۔جس میں گپتل نے 49گیندیں کھیلیں اور صرف تین چوکے لگائے اور نکولس نے 66گیندوں کا سہارا لیا اور دو چوکے لگائے۔پوری ٹیم 197رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی طرف سے محمد شامی، اشون اور جڈیجہ نے تین تین وکٹ لیے جبکہ ایک وکٹ بھونیشور کمار کو ملی۔وکٹ کیپر ساہا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Series win hands india no 1 ranking in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply