سرفراز نواز کی میچ وننگ اننگز کی بدولت پاکستان چمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں

کارڈف: کپتان سرفراز احمد کی 61 رن کی ناقابل شکستکپتانی اننگز سے پاکستان نے کانٹے کے مقابلے میں سری لنکا کوتین وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل شاہانہ انداز سے داخلہ حاصل کر لیا۔اگرچہ پاکستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے محض 162 رن پر ہی سات وکٹ گنوا دیئے تھے۔ اور ایسا لگنے لگا تھا کہ پاکستان کی شکست نوشتہ دیوار ہو گئی ہے اور کوئی کرشمہ ہی اس نوشتہ کی عبارت بدل سکتا ہے۔ایسے نازک حالات میں کپتان سرفراز نے محاذ سنبھالا اور محمد عامر کے ساتھ 75 رنوں کی بیش قیمت غیر مفتوح شراکت کر کے ہدف 44.5 اوور میں ہی پورا کر کے پاکستان کو سیمی فائنل کھیلنے کا مستحق قرار دلوا دیا۔ وہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ پاکستان کا سیمی فائنل میں گرپ اے کی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ سے مقابلہ ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل دفاعی چمپئن ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس طرح سیمی فائنل میں پہنچنے والی چار ٹیموں میں تین ٹیمیں ایشیا ئی ممالک سے ہیں۔
اگرچہ سری لنکا اور کرکٹ شیدائی پاکستان کے محض 162رنز پر سات وکٹ گرجانے سے سری لنکاکو فاتح سمجھنے لگے تھے لیکن قسمت کی دیوی دور کھڑی مسکرا رہی تھی ۔ سرفراز نے ایسے نازک حالات میں ایک کپتان کی اننگز کھیل کر 79 گیندوں پر ناٹ آوٹ 61 رنز بنائے اور پانچ چوکے لگائے جبکہ عامر نے 43 گیندوں پر ناٹ آوٹ 28 رن میں ایک چوکا لگایا۔ افتتاحی بلے باز فخر زماں نے 36 گیندوں پر 50 رنوں میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ اظہر علی نے 50 گیندوں میں 34 رن بنائے۔ سری لنکا اس شکست اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے لئے خود ذمہ دار رہا جس فیلڈروں نے ایک نہیں کئی آسان کیچ چھوڑدیئے اور ہار کو گلے لگا لیا۔سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے 60 رن پر تین وکٹ لئے۔سرفراز کو اپنی کپتانی اننگز کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سے قبل سلامی بلے باز نروشن ڈکویلا (73) کی شاندار نصف سنچری سے سری لنکا نے 49.2 اوور میں 236 رن کا معقول اسکور بنا لیا۔ ڈکویلا 86 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 73 رن کے باوجود سری لنکا نے ایک وقت اپنے سات وکٹ 167 رن تک گنوا دئیے تھے۔لیکن اسیلا گنارتنے نے 44 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز اور سرنگا لکمل نے 34 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنا کر سری لنکا کو 236 رنز کے لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچا دیا۔
پاکستان کے گیند بازوں نے کرو یا مرو کے اس مقابلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا جبکہ سری لنکا ایک وقت 32 ویں اوور تک تین وکٹ پر 161 رنز بنا کر اچھی پوزیشن میں تھا۔لیکن پھر اس نے 167 رن تک جاتے جاتے اپنے چار وکٹ گنوا دیے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جنید خان نے 10 اوور میں 40 رن پر تین وکٹ لئے جبکہ دیگر فاسٹ بولر حسن علی نے 10 اوور میں 43 رن پر تین وکٹ لئے۔محمد عامر نے 53 رن پر دو وکٹ اور ڈیبو میچ کھیل رہے 23 سالہ فاسٹ بولر فہیم اشرف نے 37 رن پر دو وکٹ حاصل کئے۔ ڈ?ویلا چھٹے بلے باز کے طور پر ٹیم کے 162 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔دانشکا گناتلاکے نے 13، کوشل مینڈس نے 27 اور کپتان انجیلو میتھیوز نے 54 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنائے ۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Sarfraz sees shaky pakistan into semi finals in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply